لوٹن میں 2 گروپوں کی لڑائی ،متعدد افراد زخمی،ایک کی حالت نازک

September 18, 2018

لوٹن( شہزاد علی ) لوٹن میں ایشیائی کمیونٹی کے دو گروپوں میں لڑائی کے دوران متعدد افراد زخمی ہوگئے ،7 افراد کو ہسپتال میں طبی امداد دی گئی ،جن میں سے ایک کی حالت نازک بتائی جاتی ہے، شہر کے سیکسن روڈ پر ہونے والی لڑائی پر پولیس کو اتوار کی شام 5 بجےطلب کیاگیا۔ بیڈفورڈ شائر فورس نے ٹوئٹر پر لکھا ہے کہ خنجر زنی سے زخمی ہونے والوں کی اطلاعات ہیں ،جائے وقوعہ کامحاصرہ کرلیاگیاہے اور عینی شاہدین سے تعاون کرنے اور گواہی دینے کو کہا گیا ہے ۔قریب رہنے والے ایک شخص نے بتایا کہ میں جانتاہوں کہ ایک شخص کو خنجر گھونپا گیا اور میرے خیال میں یہ گینگ کے ساتھ تعلقات کا نتیجہ ہے، 4 افراد کے درمیان شروع ہونے والی اس لڑائی میں بعض افراد شدید زخمی ہوئے ہیں ،ایشیائی کمیونٹی میں شدید لڑائی پر کمیونٹی میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ پولیس نے گشت شروع کردیا ہے اور علاقے میں ہیلی کاپٹر سے نگرانی کے باعث سنسنی خیز صورت حال رہی، پولیس کے مطابق سیکسن روڈ اور بسکٹ روڈ پر پولیس نے حفاظتی اقدامات کیے ہیں اور علاقے میں پولیس موجود ہے۔ چیف سپرنٹنڈنٹ پولیس نے کہا ہے کہ وہ سمجھتے ہیں کہ کمیونٹی کو اس واقعے پر تشویش ہے تاہم وہ انہیں یقین دلاتے ہیں کہ پولیس اس واقعے کو سنجیدگی سے لے رہی ہے اور متعدد گرفتاریاں بھی عمل میں لائی گئی ہیں۔