پاک چین اقتصادی راہداری خطے میں امن اور خوشحالی کا منصوبہ ہے، ڈاکٹر اقبال چاولہ

September 18, 2018

لاہور(خبر نگار) پنجاب یونیورسٹی کے ڈین فیکلٹی آف آرٹس اینڈ ہیومینیٹیز و چیئرمین شعبہ تاریخ پروفیسر ڈاکٹر اقبال چاولہ نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری خطے میں امن اور خوشحالی کا منصوبہ ہے اور دونوں ممالک اس سلسلے میں آنے والی تمام رکاوٹیں عبور کر لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ پاکستان میں کم ترقی یافتہ علاقوں کی حالت کو بھی بہتر بنایا جائے گا۔ وہ پاکستان سٹڈی سنٹر کے زیر اہتمام پاک چین اقتصادی راہداری کے موضوع پرالرازی ہال میں منعقد ہونے والے سیمینار سے خطاب کر رہے تھے۔ سیمینار میں چین کی جیانگ سو نارمل یونیورسٹی کے ڈائریکٹر پاکستان ریسرچ سنٹر پروفیسر ڈاکٹر سن ہونگ چی، ڈین آف انٹرنیشنل کالج پروفیسر ڈاکٹر ژینگ شینگ ژن ،ڈپٹی ڈین ژین یوٹونگ ، مسلم لیگ ن کے محمد مہدی،ڈاکٹر امجد عباس مگسی، فیکلٹی ممبران اور طلباء و طالبات نے شرکت کی۔ پروفیسر سن ہونگ چی نے کہا کہ گزشتہ پانچ سالوں میں چائنہ اور دیگر ممالک کے درمیان تجارت اور روزگار میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے ،مقامی لوگوں کے لئے دو لاکھ نوکریاں پیدا ہوئی ہیں اور اکثر ممالک نے اس منصوبے کو خوش آمدید کہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چند ممالک چین کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ پیدا کر رہے ہیں لیکن انہیں ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ بعد ازاں وفد کے شرکاء نے وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر نیاز احمد سے ان کے آفس میں ملاقات کی ۔