ملک میں نوعمر فٹبالرز کا پول تیار کیا جارہا ہے، فیصل صالح

September 19, 2018

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) صدر پی ایف ایف سید فیصل صالح حیات نے کہا ہے کہ انڈر 15 مقابلے فٹبال کیلئے نرسری کا درجہ رکھتے ہیں، کھیل کو گراس روٹ سطح پر فروغ دیئے بغیر مستقبل کیلئے نیا ٹیلنٹ حاصل نہیں ہوسکتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انڈر 15 فٹبال چیمپئن شپ کے اختتامی تقریب سے خطاب میں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ایف ایف جونیئر فٹبالرز کو صلاحیتیں نکھارنے کیلئے ہر ممکن مواقع فراہم کررہی ہے۔ حالیہ ایونٹ میں بھی چند ابھرتے کھلاڑی نظر آئے ہیں، ان نوعمر کھلاڑیوں کا ایک پول تیار کیا جارہا ہے ان کو ٹریننگ کی ہرممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی، یہی کھلاڑی پاکستان فٹبال کو عروج کی جانب گامزن کریں گے، فیفا کے صدرجیانی انفینٹینو نے حالیہ ملاقات میں پاکستان کی ہر ممکن سپورٹ کی یقین دہانی کروائی ہے۔ 2019 میں دوطرفہ فٹ بال سیریز کا ارادہ رکھتے ہیں، فٹ بال دنیا کا پسندیدہ ترین کھیل ہے۔ حکومت فٹ بال کے فروغ کے لئے بھرپور معاونت کرے۔