اسحاق ڈار میڈیکل یونیورسٹی کے عہدے سے برطرف

September 19, 2018

سپریم کورٹ آف پاکستان نے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور کے بورڈ آف گورنرز کی چیئرمین شپ سے ہٹانے کا حکم دے دیا۔

عدالت عظمیٰ نے حکم دیا ہے کہ پنجاب حکومت تین روز میں یونیورسٹی کے نئے چیئرمین بورڈ آف گورنر کو تعینات کرے۔

چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار نے ریمارکس دیے کہ قواعد کے تحت یوایچ ایس کے بورڈ آف گورنرز کی میٹنگ ہر دو سال بعد ہونی چاہئے،2016ء سے اب تک کوئی اجلاس نہیں ہوا۔

انہوں نے مزید کہا کہ بورڈ آف گورنرز کے چیئرمین اسحاق ڈار ملک سے فرار ہیں، عدالت نے اسحاق ڈار کو اشتہاری قرار دے کر ریڈ وارنٹ جاری کیے ہیں۔

چیف جسٹس نے یہ بھی کہاکہ بورڈ آف گورنرز کے چیئرمین کی عدم موجودگی میں بورڈ غیر فعال ہے۔

سپریم کورٹ نے اس ضمن میں وزارت خارجہ سمیت دیگر اسٹیک ہولڈرز سے جواب طلب کر لیا۔