شہدا ئے کربلا کی قربانی غلبہ حق کی جدوجہد کا تسلسل ہے ،لیاقت بلوچ

September 20, 2018

لاہور (نیوزرپورٹر)جماعت اسلامی پاکستان اور متحدہ مجلس عمل سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے ملی یکجہتی کونسل پنجاب کے عہدیداروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاہے کہ ماہ محرم میں کربلا میں حضرت امام حسین ؓ کی اپنے جانثاروں کے ساتھ شہادت تاریخ کبھی فراموش نہیں کر سکتی ۔ حضرت اسماعیل علیہ السلام سے اللہ کی رضا پر قربان ہونے کی تاریخ اور شہدا ئے کربلا کی قربانی غلبہ حق کی جدوجہد کا تسلسل ہے ۔ کربلا میں شہادتیں مظلومیت کی منفرد تاریخ اور مسلمانوں کی میراث ہیں۔ امام حسین ؓ نواسہ رسول کا احترم ، محبت اور عقیدت تمام مسلمانوں کے دل کی گہرائیوں میں ہے۔حق اور باطل ، حسینیت اور یزیدیت کی کشمکش جاری ہے ۔ مزید برآںمتحدہ مجلس عمل پنجاب کے صدر اور امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے کہاہے کہ انتخابات میں دھاندلی کی تحقیقات کے لیے پارلیمانی کمیٹی کے قیام کو سراہتے ہیں،اس سے انتخابات کے نتائج بارے پائے جانے والے تحفظات کو دورکرنے میں مددملے گی۔اتفاق رائے سے ٹی اوآرزتیارکیے جائیں۔ دریں اثناء امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ گیس کی قیمتوں میں اضافہ غریب عوام پر ظلم کی انتہاء ہے ، گیس کی قیمتوں میں 10 سے لیکر 145فیصد تک کے اضافے کو مسترد کرتے ہیں۔ ریلیف کے نام پر اقتدار میں آنے والی پی ٹی آئی حکومت عوام کے ساتھ وعدوں کی پاسداری میں ناکام ہوتی نظر آرہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز انہوں نے دفتر جماعت اسلامی لاہور میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کے دوران کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو سنہری خواب دیکھانے والی پی ٹی آئی حکومت نے آٹا ، گیس سمیت منی بجٹ میں سینکڑوں اشیاء خوردونوش کو مہنگاکر کے عوام کی امیدوں پر پانی پھیر دیا ہے ۔ حکومت کا پہلا بجٹ ہی عوام پر مہنگائی بم بن کر گرا ہے اور عمران حکومت کے سارے دعوے ریت کی دیوار ثابت ہورہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں مہنگائی گذشتہ چند سالوں کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے جس کا نقصان صرف اور صرف عام آدمی کو ہوا ہے جو غریب سے غریب ہوتا جارہا ہے اور امیر آدمی امیر تر ہوتا جار ہاہے ۔ ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ آ ٹا ، گیس کے بعد عوام پر بجلی بم گرنے کی نوید سنائی جار ہی ہے ۔