پیٹربرا کے یوتھ ورکر اور کئی کتابوں کے مصنف طاہر مسعود کیلئے ایم بی ای کا اعزاز

September 21, 2018

نوٹنگ ( غفار انقلابی )پیٹربرا کے یوتھ ورکر،کمیونٹی ایکٹیویسٹ اورکئی کتابوں کے مصنف طاہر مسعود کو کمیونٹی کی خدمات کے اعتراف میں میڈل برٹش ایمپائر (MBE) سے نوازہ گیاہے۔ اس سلسلے میں پیٹربرا کے ٹائون ہال کےکونسل چیمبر میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں ملکہ برطانیہ کے نمائندے کے طور پر لیفٹیننٹ آف کیمبرج شائر جولی سپنس (QBE Q QPM ) نے ان کو برٹش ایمپائر میڈل عطا کیا اس موقع پر ہائی شیرف آف کیمبرج شائر ڈاکٹراینڈی ہیٹر نے طاہر مسعود کی پیٹربراکی کمیونٹی کےلئے اور بالخصوص پیٹربرا کے نوجوانوں کے ساتھ منسلک ہوکر انکی زندگی میں مثبت تبدیلی لانےکیلئے خدمات کو سراہا۔ طاہر مسعود نے نوجوان نسل کے ساتھ رہ کر اور بالخصوص پاکستانی اورکشمیرنژاد برطانوی نوجوانوں کے ساتھ کام کرتے ہوئے ان کی زندگیوں میں مثبت تبدیلیاں لائیں اور ان کو جرائم، منشیات اور غیرسماجی رویوں سے دور رہنے اور مثبت سرگرمیوں میں حصہ لینے کی طرف راغب کرتے رہے۔ طاہر مسعود کاکہنا ہےکہ وہ 14 سال کی عمر میں برطانیہ آئے اور پیٹربرا کی کمیونٹی میں ایک والینٹیئرکی حیثیت سے نوجوانوں کے ساتھ منسلک ہوکر مختلف پراجیکٹس پر کام کیا اور آج تین دہائیوں کے بعد بھی یہ کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کمیونٹی کو برطانیہ کے جدید معاشرے کے ساتھ پوری طرح جڑ (lntegrate ) جانا چایئے مگر اپنےثقافتی ورثہ کو بھی قابلِ فخر سمجھتے ہوئے اس کی حفاظت کرنی چاہیے۔ طاہر مسعود نے کئی کتابیں بھی لکھی ہیں۔ ان کی ایک کتاب’’ دی ہیریٹیج آف پیٹربرا برٹش پاکستانی کمیونٹی‘‘ جس میں انہوں نے پیٹربرا کی ملٹی کلچرل سوسائٹی کی اقدار کو اجاگر کیا ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے آٹھ دیگر کتابیں بھی لکھی ہیں اور ان کتابوں کی فروخت سے جو رقم ملتی ہے اس کا نصف حصہ وہ اسلام گڑھ ویلفیئر ٹرسٹ کو عطیہ کر دیتے ہیں۔ یاد رہے کہ طاہر مسعود کا تعلق میرپور کے نواحی قصبے اسلام گڑھ کے گائوں موہڑہ بڑی سے ہے۔ وہ برٹش کمیونٹی اور بالخصوص نوجوانوں کے لئے رول ماڈل کی حیثیت رکھتےہیں۔ پیٹربرا کی کمیونٹی کو اپنے اس سپوت پر فخر محسوس کرنا چاہیے ۔