مقبوضہ کشمیر، محرم میں بھی ریاستی دہشت گردی کا سلسلہ نہ رک سکا،2 کشمیری شہید، عزاداری جلوسوں پر دھاوا، درجنوں زخمی

September 21, 2018

سری نگر (جنگ نیوز/مانیٹرنگ سیل)مقبوضہ کشمیر میں محرم الحرام کے موقع پر بھی بھارتی فورسز کی ریاستی دہشتگردی کا سلسلہ نہ رک سکا اور قابض فوج نے مقبوضہ وادی کے ضلع بانڈی پورہ کا محاصرہ کرتے ہوئے سرچ آپریشن کی آڑ میں فائرنگ کرکے 2 کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا۔دوسری جانب بھارتی فورسز نے عزاداری جلوسوں پر دھاوابولا اور لاٹھی چارج اور فائرنگ سے جلوسوں میں شریک درجنوں افراد زخمی ہوگئے جبکہ 100سے زائد کو گرفتار کرکے پولیس تھانہ کوٹھی باغ اورمائسمہ سمیت مختلف تھانوں میں منتقل کردیاگیا ،قابض فوج نے عزاداروں پر آنسو گیس سے شیلنگ کی اور پیلٹ گنوں سے چھرے برسائے ،جس سے کئی عزادار زخمی ہوئے ۔ماتمی جلوسوں کے راستوں کی بندش کیلئے خار دار تاریں نصب کی گئیں ،شہید گنج جانے والے تمام راستے سیل کیےاور انٹر نیٹ و موبائل سروس بھی بند کی گئی۔سرینگر کے گروبازار اور دیگر علاقوں سے نکلنے والے عزا داروں کے روایتی جلوس پرپابندی اورسخت بندشوں کے باوجود کئی مقامات سے تعزیہ جلوس برآمدکئے گئے ،تاہم بھارتی فورسز نے بے تحاشا طاقت کا استعمال کیا ،ڈلگیٹ میں واقع حیدریہ ہال کی طرف جانے والی سڑکوں کو بھی خاردار تارلگاکر سیل کیا گیا تھا۔اتحاد المسلمین ، انجمن شرعی شعیان اورتحریک وحدت اسلامی و دیگرمزاحمتی ومذہبی تنظیموں کی جانب سے جہانگیرچوک ، ڈلگیٹ،شہد گنج، بٹہ مالواورشہرمیں دیگرکچھ مقامات سے عزاداری کے جلوس برآمدکرنے کی کوشش کی گئی ۔ بڈشاہ پل پر اولڈ اسمبلی کے قریب تحریک وحدت اسلامی کی طرف سے جلوس برآمد کرنے کی کوشش کے دوران بیسوں عزاداروں کو حراست میں لیا گیا۔مائسمہ سے برآمد جلوس میں شامل عزاداروں کو ریگل چوک کے نزدیک فورسزنے روکنے کی کوشش کی ۔ مزاحمت کرنے پرپولیس نے لاٹھی چارج کیا۔ادھرکل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سیدعلی گیلانی اور حریت رہنماؤں میر واعظ عمر فاروق، محمد یاسین ملک، آغا سید حسن الموسوی الصفوی اور مولانا عباس انصاری نے بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کی طرف سے مقبوضہ علاقے میں عزاداروں کے خلاف طاقت کے وحشیانہ استعمال کی شدید مذمت کی ہےاور جلوس روکنے کیلئے پابندیوں کے نفاذ کی شدید مذمت کی ہے ۔جموں وکشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی اور تحریک وحدت اسلامی نے اپنے بیانات میں عزاداروں پر طاقت کے وحشیانہ استعمال کو مقبوضہ علاقے میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کی بدترین مثال قرار دیا۔