لاہورہائیکورٹ بار کی اعجاز احمد واہلہ ایڈووکیٹ کے مقتول بھائی کے قتل میں ملوث ملزمان کو پولیس تحفظ فراہم کرنے کی مذمت

September 21, 2018

لاہور(خبرنگارخصوصی) صدر لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن انوارالحق پنوں،چوہدری نور سمند خان نائب صدر لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن،حسن اقبال وڑائچ سیکرٹری لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن اور حافظ اللہ یار سپراءفنانس سیکرٹری لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے سابق سیکرٹری فیصل آباد بار ایسوسی ایشن چوہدری اعجاز احمد واہلہ ایڈووکیٹ کے مقتول بھائی امتیازواہلہ کے قتل میں ملوث ملزمان اور ان کے ساتھیوں کو پولیس کی جانب سے تحفظ فراہم کرنے اورتفتیشی آفیسر کے جانبدارانہ رویہ کی پرزور مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملزم پارٹی کو تحفظ فراہم کرنا کسی صورت قبول نہیں سٹی پولیس آفیسر فیصل آباد متعلقہ پولیس افسران کے رویہ کا فوری نوٹس لیں۔انہوں نے کہا کہ 17ستمبر2018ءکو تھانہ فیکٹری ایریا کے اندر اور باہر ملزم پارٹی کی جانب سے مقتول پارٹی پر حملہ، گالم گلوچ، قتل کی دھمکیاں اور غلیظ زبان کا پولیس کی موجودگی میں استعمال پولیس کی جانبداری کی واضع دلیل ہے ۔ انہوں نے کہا اگر اعلیٰ پولیس افسران نے فیکٹری ایریا پولیس بالخصوص ہومی سائیڈ آفیسر کے رویہ کا نوٹس لے کر اس کے خلاف کارروائی نہ کی تو وکلاءبرادری قانونی راستہ اختیار کرے گی۔انہوں نے سی پی او اشفاق احمد سے مطالبہ کیا کہ مذکورہ واقعہ کا فوری نوٹس لیتے ہوئے چوہدری اعجاز احمد واہلہ سابق سیکرٹری فیصل آباد ایسوسی ایشن اور انکے خاندان کے تحفظ کو یقینی بنائیں اور انصاف کے تمام تقاضے پورے کئے جائیں۔