لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں ہلکی و تیز بارش

September 22, 2018

لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بار ش ہوئی،گوجرانوالہ ،گجرات ،پسروراور گردو نواح میں گرمی کا زور ٹوٹ گیا ۔

پاراچنار میں بارش اور ژالہ باری سے ندی نالوں میں طغیانی ،شمالی بلوچستان اور لوئر دیر میں بارش سے موسم خوشگوارہوگیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد ،لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں آج 22سے 24ستمبر تک موسلادھار بارش کا امکان ہے۔

دریائے چناب میں اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے۔ لاہور میں واسا کے عملے کی چھٹیاں منسوخ کردی گئیں ۔

لاہور میں صبح کےوقت کالے گہرے بادل چھا گئے۔ مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی، کہیں تیزبارش بھی ہوئی ۔

محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں بارش کا سلسلہ اگلے دو دن جاری رہ سکتا ہے ، اس دوران تیز موسلادھار بارش کا امکان ہے ۔

محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور بارش کا سلسلہ بھارت سے داخل ہو رہا ہے جو تیز بارشوں کی شکل بھی اختیار کرسکتا ہے۔

اُدھر شہر میں موسلادھار بارش کے امکان پر واسا حکام نے عملے کو الرٹ کرتے ہوئے اتوار کی چھٹی منسوخ کردی ہے ۔