غیرملکیوں کو شہریت نہیں دینی چاہئے، وفاقی حکومت نے چیزیں بیچ دیں اب گورننس کی طرف آجائے، وزیراعلیٰ سندھ

September 23, 2018

سکھر (بیورو رپورٹ / آئی این پی ) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ میں اپوزیشن کی سخت مزاحمت کے بعد وزیراعظم عمران خان نے غیرملکیوں کو کارڈز دینے پر یوٹرن لیا ہے اور وہ پیچھے ہٹ گئے ہیں، غیرقانونی لوگوں کو پاسپورٹ اور قومیت دینے کا کوئی جواز نہیں انہیں شہریت نہیں دینی چاہئے ، اس سے دیگر راستے کھلیں گے، اس سلسلے میں جو قانون اور آئین کے مطابق ہوگا اس پر اعتراض نہیں، وفاقی حکومت نے چیزیں بیچ دیں اب اصل گورننس کی طرف آجائے ۔ سکھر ایئرپورٹ پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ نے کہاکہ پی ٹی آئی سرکار کا منی بجٹ آگیا ، گیس کے نرخ اور ٹیکسز بڑھ گئے، اب حکمران اصلیت کی طرف جا رہے ہیں، حکومت کیسے چلتی ہے انہیں اب پتہ چل جائیگا۔ ڈیموں کے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پانی کو محفوظ کرنے کیلئے بہتر ایریگیشن سسٹم اور نئی اسکیموں کی جانب بڑھنا ہوگا، یہ دیکھنا ہوگا کہ بدین اور ٹھٹھہ ضلع پانی کی مزید رکاوٹ برداشت کرسکیں گے یا نہیں۔ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کی فضاء کو بحال رکھنے کے لئے حکومت سندھ نے ٹھوس بنیادوں پر اقدامات کئے ۔