وزیر اعظم دورہ سعودی عرب پر پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیں گے

September 23, 2018

اسلام آباد(صباح نیوز)وزیر اعظم عمران خان نے اپنے دورہ سعودی عرب سے متعلق پارلیمنٹ کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا ہے، عمران خان جلد قومی اسمبلی میں دورے کی تفصیلات سے ایوان کو آگاہ کرینگے۔حکومتی ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان جلد قومی اسمبلی کے اجلاس میں اراکین سے خطاب کریں گے اور اپنے حالیہ دورہ سعودی عرب کے متعلق پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیں گے۔ وزیر اعظم دورے کی تفصیلات سے ایوان کو آگاہ کریں گے۔ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)نے وزیر اعظم کے سعودی عرب کے دورے کی اہمیت اور افادیت کو اجاگر کرنے کا فیصلہ کیا ہے جب کہ پی ٹی آئی کی قیادت نے وزیر اعظم کو اپنے دورہ سعودی عرب پر خود بات کرنے کا مشورہ دیا جس کے بعد وزیر اعظم نے پارلیمنٹ سے خطاب کا فیصلہ کیا ہے۔اس ہفتے کے شروع میں وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے سعودی عرب کا دو روزہ دورہ کیا تھا، اپنے دورہ سعودی عرب کے دوران وزیراعظم نے سعودی فرمانروا شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد سلمان سے ملاقات کی تھی اور ان سے دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کی تھی۔دورہ سعودی عرب کے دوران وزیراعظم کے ہمراہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری، وزیر خزانہ اسد عمر اور مشیر تجارت عبدالرزاق داد بھی تھے