جیکب آباد :شہر میں رکشوں کی بھر مار سے آئے روز حادثات

September 24, 2018

جیکب آباد( نامہ نگار) جیکب آباد میں چنگچی رکشوں کا عذاب بڑھ گیا، ٹریفک جام اور حادثات معمول بن گئے۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد شہر میں بڑھتی ہوئی آبادی کی وجہ سے شہرکی سڑکیں ، گلیاں اور محلے پہلے ہی تنگ ہوچکے ہیں۔شہر میں چنگچی رکشوں کی بھر مار نے عوام کو مزید مشکلات میں مبتلا کردیا ہے شہر کی اکثر شاہراہوں ، گلیوں اور مارکیٹوں میں چنگچی رکشوں کا رش رہتا ہے اور اکثر علاقوں میں رکشے والوں نے اپنے منصوعی اڈے قائم کردئیے ہیں جس کی وجہ سے ٹریفک جام کا مسئلہ معمول بن چکا ہے جبکہ چنگچی رکشوں کی وجہ سے آئے روز حادثات پیش آرہے ہیں ، شہر میں چنگچی رکشے اکثر کم عمر لڑکے چلا رہے ہیں جوکہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی ہے کم عمر لڑکوں کی وجہ سے حادثات کا پیش آنا معمول بن چکا ہے مگر ٹریفک پولیس کی جانب سے اس کی روک تھام کے لیے کوئی اقدامات نہیں اٹھائے جارہے ، شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ شہر میں چنگچی رکشوں کے قائم غیر قانونی اڈے ختم کرائیں جائیں اور کم عمر افراد کے رکشہ چلانے پر پابندی لگائی جائے۔