ساجد جاوید کا دورہ پاکستان اہم سنگ میل ہے،کونسلر محبوب حسین بھٹی

September 24, 2018

ہائی ویکمب (انعام اللہ خان) سابق چیئرمین ہائی ویکمب ڈسٹرکٹ کونسل کونسلر محبوب حسین بھٹی نے برطانوی سیکرٹری داخلہ ساجد جاوید کے دورہ پاکستان کو سنگ میل قرار دیتے ہوئے وزیر داخلہ برطانیہ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ساجد جاوید تجربہ کار پارلیمنٹرین اور اعلیٰ سطح کے سیاستدان ہیں جن کے حالیہ معاہدوں سے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان روابط مزید مضبوط ہوں گے۔کنزرویٹو پارٹی کے رہنما محبوب حسین بھٹی نے کہا کہ حوالگی ملزمان، منی لانڈرنگ کو روکنے جیسے معاہدوں سے جو شکوے و شکایات پاکستان کے عوام کو برطانیہ سے تھیں ان کا بھی تدارک ہوجائے گا اور دونوں ممالک قانون کے تقاضے پورے کرنے میں آسانی محسوس کریں گے جس سے لاقانونیت اور غیر قانونی منی لانڈرنگ جیسے سنگین جرائم کی روک تھام ممکن ہوگی جس پر وہ اپنی پارٹی کی جانب سے اور اپنی کمیونٹی کی جانب سے ہوم سیکرٹری ساجد جاوید کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ کونسلر محبوب حسین بھٹی نے کہا کہ ہوم سیکرٹری کا حکومت پاکستان کو گرے لسٹ سے نکلنے میں مدد دینے کا عندیہ بھی ایک بڑی پیش رفت ہے جس کی وجہ سے پاکستان پر بین الاقوامی دبائو میں کمی آئے گی اور جس کے مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ چیئرمین محبوب حسین بھٹی نے کہا کہ ساجد جاوید کنزرویٹو پارٹی میں بڑے قد کے سیاستدان ہیں اور ان کے کیے گئے فیصلے اور سابقہ کام کو برطانیہ بھر میں قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ اس لیے بڑی تعداد میں لوگوں کا یہ خیال ہے کہ ہوم منسٹر اس عہدہ سے بھی بڑے عہدہ پر جاسکتے ہیں اور ان میں وہ صلاحیت ہے۔ چیئرمین محبوب حسین بھٹی نے پاکستان کی نئی حکومت کو تہنیتی پیغام میں خیرسگالی کا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کی نئی پالیسیاں بہتر اشارے دے رہیں جس سے بین الاقوامی برادری کا جھکائو حکومت پاکستان کی جانب ہورہا ہے۔