شہریوں کی گورنر ہائوس کی سیر کھلی کچہری میں تبدیل ،جھیل کاپُل ٹوٹ گیا

September 24, 2018

لاہور (نمائندہ خصوصی، خصوصی رپورٹر) گورنر ہاؤس لاہور میں سیر کیلئے آئے عوام کےرش وجہ سے جھیل کا پُل ٹوٹ گیا۔ گورنر ہاؤس میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت عوام کی توقعات پر پورا اترتے ہوئے عوام کے مسائل حل کرے گی، سرکاری عمارات جن کے آگے سے کوئی گزرنے کا تصور بھی نہیں کر سکتا تھا، اب وزیر اعظم کی ہدایت پر عوام کے لئے کھول دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور تعلیم و صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے جامع پروگرام مرتب کیا جا رہا ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ گزشتہ اتوار کو کچھ مسائل پیدا ہوئے تھے مگر اس میں پریشانی کی کوئی بات نہیں، آج عوام بھرپور ڈسپلن کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ 100 روزہ پلان پر عملدرآمد کے لئے پنجاب میں ریفارمز سیل قائم کر دیا گیا ہے۔ گورنر پنجاب گورنر ہاؤس پہنچے تو سیر کے لئے آئے بچوں، بڑوں اور بوڑھوں میں گھل مل گئے۔ بچوں خصوصاً خواتین نے گورنر پنجاب کے ساتھ تصاویر بھی بنائیں۔ مزید برآں، گورنر ہاؤس لاہور میں سیر کیلئے آنیوالوں نے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کو دیکھتے ہی ان کو اپنے مسائل کے حل کیلئے درخواستیں دینا شروع کر دیں جن کی وجہ سے شہریوں کی گورنر پنجاب سے ہونیوالی ملاقات کھلی کچہری میں بدل گئی اور گورنر پنجاب شہریوں کے مسائل کے حل کیلئے موقع پر عملے کو ہدایات بھی دیتے رہے۔گور نر ہاؤس میں آنیوالی ایک بزرگ خاتون نے گورنر پنجاب کو گلے لگا لیا اور انکی لمبی عمر کیلئے دعا کرتی رہی۔ سیالکوٹ سے آئی ایک بزرگ خاتون نے چوہدری سرور کو پیار سے گلے لگایا اور بولی ’’پتر سرور! تسی لوکاں نے وکھا دِتا اے کہ ملک وچ تبدیلی آ گئی اے‘‘۔