پاکستان میں عدل کا نظام سب کیلئے برابر نہیں ،تجزیہ کار

September 26, 2018

کراچی(جنگ نیوز)سینئر تجزیہ کاروں نے کہا ہے کہ ہمارا نظام اتنا مضبوط نہیں کہ پرویز مشرف کیخلاف غداری کیس کی پروسیڈنگز کا بار اٹھاسکے، پرویز مشرف پاکستان واپس آئے تو سب کیلئے پرابلم بنیں گے، اگر بات کمردرد کے بہانے پر ہی چلتی رہے تو ہم امتحان میں نہیں پڑیں گے،پرویز مشرف نہ واپس آئیں گے نہ ان پر ہاتھ ڈالنے کی طاقت ہے،پرویز مشرف کیخلاف غداری کیس کو منطقی انجام تک پہنچانا ہوگا، اس کیس کومنطقی انجام نہیں پہنچایا جاتا تو پھر بلاتفریق احتساب کی بات نہیں کرنی چاہئے، عدل کا نظام سب کیلئے برابر نہیں ہے، جیلوں میں ہزاروں قیدی ایسے ہیں جو پرویز مشرف، نواز شریف یا اسحاق ڈار جیسے فائدے نہیں لے سکتے ہیں پی ٹی آئی حکومت ایک ماہ میں اعلانات سے باہر نکل کر کوئی اقدام نہیں کرسکی تو ان کی کارکردگی کا سابق حکومت سے موازنہ کیسے کیا جائے، آصف زرداری اپنے خلاف مقدمات کا فیصلہ ہونے تک پیپلز پارٹی کے شریک چیئرپرسن کا عہدہ چھوڑ دیں، بلاول بھٹو کو اپنے خلاف مقدمات سے دور رکھیں۔ ان خیالات کا اظہار مظہر عباس، حسن نثار، امتیاز عالم، شہزاد چوہدری، بابر ستار اور حفیظ اللہ نیازی نے جیو نیوز کے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“ میں میزبان عائشہ بخش سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔