جعلی ڈگری اسکینڈل،سزا یافتہ شعیب شیخ آخرکار گرفتار

September 26, 2018

اسلام آباد ( ایوب ناصر، عاصم جاوید )عالمی سطح پر پاکستان کی بدنامی کا باعث بننے والے جعلی ڈگری اسیکنڈل ایگزیکٹ کے سزا یافتہ کمپنی کے چیف ایگزیکٹیواور بول ٹی وی چینل کے مالک شعیب شیخ کو گرفتار کر کے اڈیالہ سینٹرل جیل بھیج دیا گیا ، 5 جولائی 2018ء کو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج چوہدری ممتاز حسین نے شعیب شیخ سمیت 23 ملزموں کو قید و جرمانے کی سزائیں سنائی تھیں جن کے خلاف شعیب شیخ ، حسیب احسان ، محمد امجد ، دانیال وینسٹ نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں اپیلس دائر کی تھیں ۔جس پر عدالتیں عالیہ کے رجسٹرار نے اعتراض لگا دیا تھا کہ ملزمان پہلے ایف آئی اے کو گرفتاری دیں جس کے خلاف ملزموں نے دوبارہ اپیل دائر کی عدالت عالیہ کے جسٹس اطہر من اللہ نے دفتری اعتراض برقرار رکھتے ہوئے سزا یافتہ ملزمان کو پہلے ایف آئی اے میں گرفتاری دینے کی ہدایت کی اور کہا تھا کہ گرفتاری کے بغیر سزا کے خلاف اپیل قابل سماعت نہیں۔ اس پر درخواست گزاروں کے وکیل نے عدالت سے مہلت طلب کی تھی تاہم بعد میں انہوں نے دو متفرق درخواستیں دائر کر دیں ، ایک متفرق درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ ڈی جی ایف آئی اے کو درخواست دینے کے باوجود درخواست گزاروں کو گرفتار نہیں کیا جا رہا ، معاملے کی طوالت کے پیش نظر درخواست گزاروں کے بنیادی حقوق متاثر ہو رہے ہیں لہٰذا ایف آئی اے کو حکم دیا جائے کہ وہ انہیں گرفتار کر لے جبکہ دوسری متفرق درخواست میں اس دلیل پر اپیل واپس لینے کی استدعا کر دی کہ بعض سزا یافتہ ملزمان ملک سے باہر ہیں اس لئے ایک ساتھ گرفتاری ممکن نہیں لہٰذا اپیل واپس کی جائے تاکہ متعلقہ عدالتوں سے الگ الگ رجوع کیا جا سکے۔ جسٹس اطہر من اللہ نے واپسی کی متفرق درخواست منظور کرتے ہوئے اپیل خارج کر دی ہےعدالت کی طر ف سے اپیل خارج ہونے کے بعد ملزم کی گرفتاری کے لئے ایف آئی اے سائبر کرائم نے ملزموں کی گرفتاری کیلئے تحرک شروع کر دیا اور منگل کو ملزم شعیب شیخ ایف آئی اے کے انسپکٹر گوہر کے ہتھے چڑ ھ گیا جسے گرفتار کر کے اسے اڈیالہ سینٹرل جیل منتقل کر دیا گیا ہے ۔