’اپوزیشن میں آتے ہی خواجہ آصف کو خارجہ پالیسی یاد آگئی‘

September 26, 2018

انسانی حقوق کی وفاقی وزیر شیریں مزاری نے کہا ہے کہ اپوزیشن میں آتے ہی خواجہ آصف کو خارجہ پالیسی یاد آگئی۔

انسانی حقوق کی وفاقی وزیر شیریں مزاری نے قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے سابق وزیر خارجہ خواجہ آصف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سابق حکومت کی خارجہ پالیسی واضح نہیں تھی،خارجہ پالیسی پر پارلیمنٹ میں بحث ہی نہیں ہوتی تھی۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کوسیاست کھیلنی ہےتوکھیل لے، ہم بھی تیارہیں ،مسائل حل کرنےپر توجہ ہوگی تو ہم بھی ساتھ دیں گے،ہم نے منی لانڈرنگ کے مسئلے پر پہلی بار برطانیہ سے بات کی،کئی افراد کو تو گرفتار بھی کر لیا گیا۔ پہلی بار برطانوی حکومت نے ہمارے ساتھ منی لانڈرنگ پر تعاون ظاہر کیا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم نےتو کراچی کی صورتحال خراب نہیں کی،خواجہ آصف اپنے اتحادی سے پوچھیں کراچی کی صورتحال کیسے خراب ہوئی۔

اس سے قبل سابق وزیر خارجہ خواجہ آصف نے قومی اسمبلی میں اظہار کرتے ہوئے حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئےکہا تھا کہ حکومت کی خارجہ پالیسی میں کارکردگی پرپاکستان کو خفت اٹھانی پڑی، ان حرکتوں سے پاکستان کے وقار کو دھچکا پہنچا،حکومت کی جانب سے ناپختہ اور بچگانہ نقطہ نظررہاہے۔