ہالی ووڈ سیلیبرٹیز کے بیوٹی ٹپس

September 29, 2018

اکثر لوگ خوبصورتی کو سامنے والے شخص کی خوبصورت ، تروتازہ اور شفاف جِلد میں تلاش کرتے ہیں، حالانکہ حقیقت یہ ہے کہ ایسی خوبصورتی انتہائی بناوٹی اور سطحی بھی ہوسکتی ہے۔ اس کے برعکس ایک طبقہ ایسا بھی ہے، جو سمجھتا ہے کہ خوبصورتی دیکھنے والے کی آنکھ میں ہوتی ہے، لوجی! اس طبقے نے تو خوبصورتی کے معیاری معنی ہی بدل کر رکھ دیے۔

بحث میں پڑے بغیر، اگر دیکھا جائے تواپنے اپنے نقطۂ نظر کے لحاظ سے، دونوں آراء ہی دُرست ہوسکتی ہیں، تاہم یہ دوسروں کا نقطۂ نظر ہے۔ ایک شخص خود میں خوبصورتی کو کس طرح تلاش کرتا ہے اور وہ کیا کرکے خود کو خوبصورت بناتا ہے، اس بارے میںہالی ووڈکی خوبصورت، پُرکشش اور کامیاب سیلیبرٹیز سے ان کی زبانی جاننے کی کوشش کرتے ہیں۔

بیونسے

’ایک عورت اس وقت سب سے زیادہ خوبصورت لگتی ہے، جب وہ مسکراتی ہے۔ اس کے علاوہ، خوبصورتی سے متعلق سب سے قیمتی مشورہ جو مجھے اکثر دیا جاتا ہے، وہ یہ ہے کہ اِسکن موئسچرائزر کا استعمال کریں‘۔ بیونسے کی بات پر ہم تو یہی کہہ سکتے ہیں کہ، موسیقی کی دنیا کی ایک بڑی اور پُرکشش شخصیت نےخوبصورتی کے سمندر کو جیسے کوزے میں بند کردیا ہے۔ خوبصورت ہونا اتنا آسان پہلے کبھی نہیںتھا۔

کیٹ وِنسلیٹ

’زندگی میں مجھے اپنی ماںسے لے کر دوستوں اور اِسکن ایکسپرٹس تک، ہر کسی سے خوبصورت جِلد کے لیے کئی مشورے ملتے ہیں، جن میںسے اکثر کو میں نظر انداز کردیتی ہوں۔ تاہم ماں کے مشورے انتہائی مفید رہے ہیں۔ میں ہمیشہ اپنی آنکھوں کی صحت اور خوبصورتی کا بہت خیال رکھتی ہوں۔ چاہے میں سفر میں ہوں، مصروف ہوں، یا تھکی تھکی محسوس کروں، آنکھوں کے گرد بھاری سیاہ حلقے پڑنے لگتے ہیں، جس کا مقابلہ کرنے کے لیے میں ہر وقت آئی کریم ساتھ رکھتی ہوں‘۔

کیتھرین مکفی

کیتھرین مکفی امریکا کی نئی نسل کی اُبھرتی ہوئی گلوکارہ ہیں اور جتنا خوب وہ گاتی ہیں، اتنی ہی خوبصورت نظر بھی آتی ہیں۔ کیتھرین مکفی کا خوبصورتی کو برقرار رکھنے کے لیے مشورہ انتہائی سادہ اور آسان ہے، وہ کہتی ہیں، ’میں فاؤنڈیشن کے بغیر کبھی میک اَپ نہیںکرتی۔ آئلی فاؤنڈیشن کے بعد، خصوصاً آنکھوں کے نیچے والی جِلد پر پاؤڈر اپلائی کرتی ہوں۔ اس کا ایک اضافی فائدہ یہ ہوتا ہے کہ اگر آنکھوں کا شیڈ نیچے کی طرف پھیل بھی جائے تو اسے صاف کرنا آسان ہوتا ہے‘۔

ایشلی سمپسن

’میں آئی شیڈوبرش کا استعمال نہیںکرتی۔ اس کے بجائے میں اسپنجی برش استعمال کرنے کو ترجیح دیتی ہوں جو پیکیج میںآتا ہے۔ اسپنجی برش میری آنکھوں کی نچلی جِلد کو بہت سوٹ کرتا ہے اور ’’پرفیکٹ کیٹ آئی‘‘ بنانے میں اس کا کوئی ثانی نہیں۔ اس کے بعد میں، اندر کی طرف تھوڑا سا بلیک آئی لائنر استعمال کرتی ہوں، بس اب میں تیار ہوچکی ہوں‘۔

گوائنتھ پالٹرو

’مجھے اومیگا-3آئل استعمال کرنا پسند ہے، یہ جِلد پر بہت ہی ہلکا ثابت ہوتا ہے اور اس کی یہی خوبی مجھے بہت مرغوب کرتی ہے۔ جِلد پر یہ تیل لگانے کے بعد، میں جتنا اچھا محسوس کرتی ہوں، وہ میں الفاظ میں بیان کرنے سے قاصر ہوں‘۔ آپ کی آسانی کے لیے بتاتے چلیںکہ آپ میں سے اکثر نے سامن مچھلی کے انسانی صحت اور انسان کی جِلدی صحت کے فوائد کے بارے میںتو ضرور سن رکھا ہوگا، یہ مچھلی اومیگا-3کے حصول کا خزانہ سمجھی جاتی ہے۔

لیو ٹیلر

’خوبصورت نظر آنے کے لیے میرا فارمولا کوئی زیادہ پیچیدہ نہیں، بس چند ضروری کام ہیں، جو میں کرنے کی کوشش کرتی ہوں۔ فاؤنڈیشن لگانے کے بعد جِلد کو تھوڑا بلش کرتی ہوں، اس کے بعد نیم شفاف پاؤڈر لگاتی ہوں، خشکی کو نیوٹرلائز کرنے کے بعد اس پر گلاب کا پانی (Rosewater)چھڑکتی ہوں۔ اس سے میرا چہرہ نہ صرف بے داغ اور بے نقص بن جاتا ہے ۔

ایوا میڈیس

’میں اپنی جِلد کو جاندار اور جاذب نظر رکھنے کے لیے Shimmery Bronzer استعمال کرتی ہوں۔ اگر آپ میک اَپ استعمال نہیںکرتیں تو اسے موئسچرائزر کے ساتھ ملا کر جِلد پر لگائیں۔ آپ خوبصورت نظر آئیںگی اور آپ کو دیکھ کر ڈل بیوٹی کا تصور بھی ختم ہوجائے گا‘۔