آئی ایم ایف نے سی پیک معاہدے کی تفصیلات مانگ لیں

October 01, 2018

انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ سےمذاکرات کا تیسرا دور آج (پیر)ہوگا ،پہلی دو ملاقاتوں میں آئی ایم ایف نے پاکستان کی معاشی صورتحال پر عدم اطمینان کا اظہارکیا ہے جس کی بہتری کیلئےٹھوس اقدامات کے ساتھ بجلی گیس کے نرخ بڑھانے کے علاوہ سی پیک معاہدے کی تفصیلات بھی مانگی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق آئی ایم ایف کا وفد پاکستان کے دورے پر آیا ہوا ہے جس نے پاکستان کی معاشی صورتحال پر عدم اطمینان کا اظہارکیا ہے،صورت حال میں بہتری کیلئے دیئے جانے والےمشورے میں آئی ایم ایف وفد کا کہنا ہے کہ بجلی اور گیس کی نرخ میں مزید اضافہ اور خسارے میں چلنے والے سرکاری اداروں کی نجکاری سے بہتری کی امید ہے۔

آئی ایم ایف وفد نے پاکستانی حکام سے ملاقات میں نئے قومی مالیاتی کمیشن ایوارڈ اور ضمنی بجٹ سفارشات پر بھی تبادلہ خیال کیا اور سی پیک معاہدے کی تفصیلات بھی مانگی گئیں۔

آئی ایم ایف وفد آج (پیر) گورنرا سٹیٹ بینک اور چیئرمین ایف بی آر کے وفد سے بھی الگ الگ ملاقاتیں کرےگاجبکہ وفد کی نجکاری کمیشن، وزارت تجارت،ریونیو اور منصوبہ بندی کے محکمے کے حکام کے علاوہ سرمایہ کاری بورڈ اور ایس ای سی پی سے بھی ملاقاتیں ہونگی۔آئی ایم ایف کے وفد سے یہ مذاکرات 4 اکتوبر تک جاری رہیں گے۔