آج کی بات: ایک دوسرے کی مدد کریں

October 06, 2018

ننھے ساتھیو! ہمیں سب کے ساتھ مل جُل کے رہنا چاہئے اور ہر ایک کی مدد کرنی چاہیے۔ آپ سوچ رہے ہوں گے کہ ہم تو چھوٹے بچے ہیں، ہمارے پاس تو اتنے پیسے بھی نہیں ہوتے کہ ہم کسی کی مدد کرسکیں، پھر ہم کیسے کسی کی مدد کرسکتے ہیں۔ لیکن بچوں ایسا ہرگز نہیں ہے، اگر آپ چاہیں تو ہر ایک کی مدد کر سکتے ہیں، کسی کی مدد کرنے کے لیے پیسوں کا ہونا ضروری نہیں ہے، بلکہ مدد کرنے کی نیت ہونی چاہیے۔ مثال کے طور پر کسی کی حوصلہ افزائی سے، کسی کی تعریف کر کے، کسی کو تھوڑی توجہ دے کر، ان کی باتیں سن کر بھی آپ لوگوں کو خوش کر سکتے ہیں۔ ہمارے ارد گرد ایسے کئی افراد ہیں جو اس نعمت سے محروم ہیں۔

وہ صرف تعریف اور حوصلہ افزائی نہ ملنے کی وجہ سے کامیابی سے ہمکنار نہیں ہو سکتے۔ یا ان کی الجھنوں کو سننے والا کوئی نہیں ہوتا، ایسا کوئی نہیں ہوتا جو ان کو صحیح اور غلط کے بارے میں بتا سکے اور ان کی پریشانی کو دور کر سکے۔ اب آپ آج سے لوگوں کو اپنے قیمتی وقت میں سے کچھ وقت اپنے آس پاس کے لوگوں کو بھی دیجئے۔ ان کی باتیں سنیں، ان کی تعریف کریں، ان کی حوصلہ افزائی کریں۔ کہتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ نیکی کرنے والوں کو پسند فرماتا ہے اور ان کی مدد بھی کرتا ہے۔ اس لیے قدم بڑھائیں اور دوسروں کے لیے کچھ کریں