سعد رفیق کی حفاظتی ضمانت کی درخواست مسترد

October 11, 2018

اسلام آباد ہائیکورٹ نےسابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی حفاظتی ضمانت کی درخواست مسترد کردی۔

سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے گزشتہ روز گرفتاری سے بچنے کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ میں حفاظتی ضمانت کے لیے درخواست دائر کی تھی جس میں عدالت سے 15 روز کے لیے حفاظتی ضمانت کی استدعا کی گئی تھی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں خواجہ سعدرفیق اورسلمان رفیق کی حفاظتی ضمانت کی درخواست پر سماعت ہوئی، دوران سماعت خواجہ سعد رفیق کے وکیل کامران مرتضی کا موقف تھا کہ کل لاہور سے اسلام آباد پہنچنے پر کال اپ نوٹس جاری ہونے کا علم ہوا، ہم نے 15دن کی حفاظتی ضمانت کے لیے استدعا کی ہے۔

اسلام آباد ہائیکوٹ کے جج جسٹس عامر فاروق نے ریماکس دیئے کہ لاہور ہائیکورٹ پنڈی بینچ یہاں سے 45 منٹ کی دوری پر ہے،حفاظتی ضمانت کے لیے وہاں سے رجوع کیوں نہیں کیا؟

اس پر سعد رفیق کے وکیل نے مؤقف اپنایا کہ بڑی مشکل سے یہاں تک پہنچے ہیں، وہاں گئے تو گرفتار کرلیں گے۔

جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیئے کہ کل لاہور میں پریس کانفرنس کرکے یہ یہاں پہنچ گئے، آپ کو سائیکل پر جانا ہے جو اتنے دن مانگ رہے ہیں۔

عدالت نے خواجہ سعد رفیق کے وکیل کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا جو تھوڑی دیر بعد سناتے ہوئے سعد رفیق کی درخواست مسترد کردی جبکہ سابق وزیر اور (ن) لیگ کے رہنما خواجہ سعد رفیق فیصلہ آنے سے قبل ہی عدالت سے چلے گئے۔