پولیس کے جاسوس کئی عشروں سے بائیں بازو کے گروپوں میں گھسے ہوئے ہیں

October 16, 2018

لندن (نیو ز ڈیسک) پولیس کے جاسوس گزشتہ کئی عشروں سے برطانیہ میں بائیں بازو کے گروپوں میں گھسے ہوئے ہیں، گارجین کی رپورٹ کے مطابق خصوصی ڈیٹا بیس سے ظاہر ہوتا ہے کہ پولیس نے 37سال کے دوران بائیں بازو کی ایک چھوٹی سی سیاسی پارٹی سوشل ورکرز پارٹی میں اپنے جاسوس داخل کرنے کا سلسلہ مسلسل جاری رکھا اور 1970سے2007کے دوران 24جاسوس داخل کئے اور بعض اوقات پارٹی میں ایک سے زیادہ جاسوس افسر موجود ہوتا تھا۔ ان میں سے 4 نے مبینہ طورپر غلط شناخت ظاہرکر کے خواتین کو جنسی تعلقات قائم کرنے پر مجبور کیا، ایک جاسوس نے تعیناتی کے دوران اس کی اہلیہ سے تعلقات قائم کئے اور ایک بچے کا باپ بن گیا، اخبار کے مطابق چند ہزار افراد کی ایک سوشل ورکرز پارٹی میں، جو انقلاب کے ذریعے سرمایہ داری ختم کرنے کی علمبردار تھی، کم وبیش ایک تہائی جاسوس افسر شامل کئے گئے، جن کی اب تک شناخت ہوچکی ہے۔ گارڈین اور بھیس بدل کر ریسرچ کرنے والے گروپ کی تفتیش کے مطابق سوشل ورکرز پارٹی میں دیگر پارٹیوں کے مقابلے میں سب سے زیادہ تعداد میں جاسوس افسران شامل کئے گئے۔