سماجی بدنامی کا خوف لڑکیوں کو موبائل فون استعمال کی اجازت میں رکاوٹ

October 16, 2018

لندن( نیوز ڈیسک)ریسرچ سے ظاہر ہوتاہے کہ والدین کی سخت گیری اور معاشرے میں بدنامی کےخوف کی وجہ سے غریب ممالک میں لڑکوں کی نسبت کم عمر لڑکیوں کو موبائل فون استعمال کرنے کی محدود اجازت ہی مل پاتی ہے ، موبائل ٹیکنالوجی تک محدود رسائی کی وجہ سے لڑکیاں خفیہ طورپر موبائل فون استعمال کرتی ہیں جس کی وجہ سے سوشل میڈیا کے استعمال کے حوالے سے ناتجربہ کاری کی وجہ سے لڑکیوں کے ضرر رساں اثرات سے متاثر ہونے کے اندیشے بڑھ جاتے ہیں۔ گرل ایفیکٹ اورووڈافون فائونڈیشن کی جانب سے کرائے گئے ایک سروے کے مطابق نوجوان ہوتی ہوئی لڑکیوں کو بااختیار بنانے کیلئے کام کرنے والی غیر منافع بخش تنظیم گرل ایفیکٹ نے جن لڑکیوں سے بات کی ان میں سے کم وبیش نصف نے بتایا کہ وہ دوستوں،بھائیوں یاوالدین سے ڈیوائس ادھار لیتی ہیں، گرل ایفیکٹ کی ٹیکنالوجی ڈائریکٹر کیسیا برٹرمان کا کہناہے کہ اس سٹڈی سے موبائل فون کے استعمال کے بارے میں لڑکیوں کے حوالے سے حقائق اور ان کی پس پردہ حیثیت کااندازہ ہوتاہے۔ انھوں نے کہا کہ ہم نے دیکھا کہ موبائل فون کے جدید ترین انداز میں استعمال کاشعور اورخود اعتمادی پیدا نہ ہونے کی وجہ سےلڑکیوں کو خطرات کا زیادہ سامنا کرنا پڑتاہے اورفائدہ بہت ہی کم ہوتاہے، اورلڑکیوں کی ٹیکنیکل تعلیم متاثر ہوتی ہے۔