حضورؐکی عزت وناموس اہم معاملہ ،کیس کوایسے نہیں جانے دینگے،اسلام آبادہائیکورٹ

October 16, 2018

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاقی حکومت سے توہین رسالت کے متعلق قوانین میں ترمیم کے حوالے سے سینٹ میں جمع کرائے گئے ترمیمی بل کا ڈرافٹ طلب کر لیا ہے۔ گستاخانہ خاکوں کی اشاعت پر ہالینڈ سے سفارتی تعلقات منقطع کرنے سے متعلق پٹیشن کی سماعت کے دوران جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دیئے کہ حضور کی عزت و ناموس کا تحفظ کرنے کا معاملہ اہم ہے ، اس کیس کو ایسے نہیں جانے دیں گے۔ وزارت خارجہ نے ہالینڈ سے سفارتی تعلقات منقطع کرنے کے متعلق پٹیشن پر اپنا جواب عدالت میں جمع کرا دیا۔ عدالت نے وزیراعظم سمیت دیگر فریقین کو بھی جواب جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 15 جنوری تک ملتوی کر دی۔ ہالینڈ سے سفارتی تعلقات منقطع کرنے کے متعلق اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر پٹیشن کی سماعت کے موقع پر درخواست گزار حافظ احتشام احمد کی جانب سے ملک مظہر جاوید ایڈووکیٹ جبکہ وفاقی حکومت کی جانب سے اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل چوہدری حسیب اور وزارت خارجہ کی جانب سے سیکشن افسر عدالت میں پیش ہوئے۔ وزارت خارجہ نے پٹیشن کے متعلق اپنا جواب جمع کرایا جبکہ وزیر اعظم ، وفاقی سیکرٹری داخلہ اور وفاقی وزارت آئی ٹی کی جانب سے جواب جمع نہ کرائے جانے پر عدالت نے انہیں ایک بار پھر جواب جمع کرانے کی ہدایت کی۔