سرگودھا:وین اور بس میں ٹکر، 6طالبات جاں بحق

October 16, 2018

سرگودھا کے قصبے بھلوال کےقریب کالج وین کی مخالف سمت سے آنے والی بس سے خوف ناک ٹکر کے نتیجے میں 6طالبات سمیت7افراد جاں بحق ہو گئے،4 زخمی طالبات کو تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال بھلوال منتقل کر دیا گیا۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق نجی کالج کی وین طالبات کو لے کر کالج جارہی تھی کہ سالم انٹر چینج کے قریب تیز رفتار مسافر بس سے ٹکرا گئی۔ حادثے کے بعد مقامی نجی کالج کے طلباء نے بس کو آگ لگا دی اور شدید احتجاج کرتے ہوئے گجرات بھلوال روڈ پرٹریفک بلاک کر دی۔

ذرائع کے مطابق یہ حادثہ گجرات روڈ پرمقیم موڑ اور سالم انٹر چینج کے قریب پیش آیا،جہاں میانہ گوندل سے بھلوال آنے والی کالج وین خوشاب سے لاہور جانے والی بس سےٹکرا گئی، حادثہ اس قدر شدید تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنائی دی۔

حادثے میں 6 طالبات اور وین ڈرائیور موقع پر جاں بحق ہو گئےجبکہ 4 طالبات زخمی ہو گئیں،زخمی طالبات کو تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال بھلوال منتقل کر دیا گیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدارنےحادثے میں طالبات کے جاں بحق ہونے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اورحادثے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔