دہشت گردی کے خلاف کامیابی قوم کی قربانیوں سے ملی، آرمی چیف

October 18, 2018

روالپنڈی / روم(نیوز ایجنسیز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں کامیابی پاکستانی قوم کی قربانیوں سے ملی ، مشکل صورتحال سے مزید مضبوط ہوکر نکلے ہیں، پر امن پاکستان کے دروازے اب دنیا کیلئے کھلے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دورہ اٹلی کے دوران اطالوی فوجی حکام سے ملاقاتیں کرتے ہوئے کیا جبکہ دونوں حکام کے درمیان باہمی تعلقات مزید مضبوط بنانے پر بھی اتفاق ہوا اور آرمی چیف سے اطالوی حکام نے دہشتگردی کے خلاف کامیاب جنگ پر رہنمائی بھی حاصل کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اٹلی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے اٹلی کے وزیر دفاع، آرمی چیف اور دیگر حکام سے ملاقاتیں کیں جس میں دونوں ملکوں کے درمیان دفاعی و سیکورٹی تعاون بڑھانے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ، اٹلی کے دفاعی سربراہان نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کے کردار کو سراہا۔ اس موقع پرآرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابی قوم کی قربانیوں کے جذبے کی مرہون منت ہے۔