بالی ووڈ میں ’’می ٹو‘‘ کی لہر

October 19, 2018

خواتین کو جنسی طور پر ہراساں کیے جانے کے خلاف دنیا بھر میںشروع ہونے والی ’’می ٹو‘‘ تحریک نے ہر عورت کو یہ ہمت اور جرأت دی کہ وہ اپنے ساتھ ہوئے جنسی ہراسگی کے واقعات دنیا کے سامنے لاسکے۔ بھارتی میڈیا کو دیئے گئے انٹرویو میں بالی ووڈ کی معروف اداکارہ تنوشری دتہ نے اپنے کیریئر کی تباہی کا ذمہ دارجنسی ہراسگی کے واقعے کو قرار دیا۔ انھوں نے الزام لگایا کہ ورسٹائل اداکار ناناپاٹیکر نے2008ء میں ایک فلم کی شوٹنگ کے دوران انھیں جنسی طور پر ہراساں کیا۔ اس حوالے سے تازہ ترین ڈویلپمنٹ یہ ہے کہ نانا پاٹیکر اور فلم ہدایت کار وویک اگنی ہوتری نے فلم کی شوٹنگ کے دوران جنسی طور پر ہراساں کیے جانے کے الزامات لگانے والی اداکارہ تنوشری دتہ کو قانونی نوٹسزبھیجے ہیں۔ دوسری جانب تنوشری دتہ کی درخواست پر ممبئی پولیس نے فوجداری قوانین کی شق 354 اور 509کے تحت نانا پاٹیکر، ڈانس ڈائریکٹر گنیش اچاریا، فلم ڈائریکر راکیش سارنگ اور پرودڈیوسر سمیع صدیقی کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔

تنوشری دتہ کا بیان

تنوشری نے اپنے انٹرویو میں بتایا، ’’میں نام لے کر بتانا چاہتی ہوں کہ کیریئر کے آغاز میں نانا پاٹیکرنے فلم ’ہارن اوکے پلیز‘ کے سیٹ پرمجھے ہراساں کیا۔ یہاں تک کہ میرے سولو گانے کی شوٹنگ کے وقت بھی انہوں نے ساتھ ڈانس کرنے کی شرط رکھی اور زور زبردستی کرکے میرے ساتھ ڈانس بھی کیا ،اس واقعے کی شکایت میں نے فلم کے پروڈیوسراور ڈائریکٹر سے بھی کی۔ لیکن کسی نے میری شکایت پر غور نہیں کیا۔ اس نا مناسب رویے کے بعد بھی ان کی جانب سے یہ مطالبہ کیا گیا کہ وہ ایک گانے میںمیرے ساتھ ’بولڈ سین‘ شوٹ کرنا چاہتے ہیں، تاہم اس سین کی فلم میں کوئی ضرورت نہیں تھی‘‘۔

تنوشری کے اس بیان کے بعد بالی ووڈ اداکاروں کی جانب سے ملے جلے رویے دیکھنے میںآئے کچھ نے حمایت کی تو کچھ نے ماننے سے انکار کردیا۔

کس نے کی حمایت ؟

٭تنوشری کے الزام کے بعدبھارت کی نامور صحافی جینک اسکوائر اس واقعے کی چشم دید گواہ ثابت ہوئیں۔ انھوں نے تصدیق کرتےہوئے کہا کہ آج سے دس سال قبل جب یہ واقعہ پیش آیا تو میں وہیں تھی۔مجھے کیمرہ مین نے یہ کہہ کر بلایا تھا کہ شوٹنگ کے دوران تنوشری اور نانا پاٹیکر کا انٹرویو بھی ہوجائیگا،جب شوٹنگ شروع ہوئی تو گانے کے اسٹیپس فحش تھے اور چند ہی لمحوں بعد تنوشری اسٹیج سے غائب ہوگئی۔ تقریباً ایک گھنٹے بعد ہمیں احساس ہوا کہ تنوشری نے خود کو اپنی وینٹی وین میں بند کر لیا ہے۔ اسی دوران کچھ اجنبی لوگ سیٹ پر داخل ہوئے اور انھوں نے تنوشری کی وینٹی وین کے دروازے کو پیٹنا شروع کر دیا۔ صورتحال بہت ہی بگڑ گئی تھی اورکچھ دیر بعد پولیس موقع پر پہنچ گئی، مگر اس نے کچھ کیا نہیں۔ جب نانا پاٹیکر وینٹی وین کے پاس آئے تو میرا کیمرہ دیکھ کر انھیں محسوس ہوا کہ میںسب ریکارڈ کررہی ہوں۔ میرے نہ پوچھنے پر بھی ان کے منہ سے پہلی بات یہ نکلی ”میری تو بیٹی جیسی ہے“۔

جینک اسکوائر کے بعد متعدد بالی وڈ فنکاروں نے تنوشری دتہ کی حمایت میں ٹوئٹ کئے۔

٭بالی ووڈ کی معروف اداکارہ کاجول نے بھی تنوشری دتہ کے حق میں بیان دیا ہے۔ جس میں انکا کہنا تھا کہ جنسی ہراسانی فلم انڈسٹری کی حقیقت ہے۔

٭معروف ڈائریکٹر اور ایکٹرفرحان اختر نے ٹوئٹ کیا، ’’10سال قبل جب تنوشری دتہ کا کیریئر مشکلات کا شکار تھا، وہ چپ رہ سکتی تھیں لیکن وہ اس وقت بھی چپ نہ رہیں اور آج بھی ان کا انداز وہی ہے ۔اس لیے ہمیں انہیں سراہا جانا چاہیے نہ کہ ان پر سوال اٹھانے چاہئیں‘‘۔

٭ فرحان اختر کے ٹوئٹ کو دیسی گرل پریانکا چوپڑا نے ری -ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ وہ فرحان اختر کی بات سے مکمل طور پر اتفاق کرتی ہیں، ہمیں متاثرین پر یقین کرنے کی ضرورت ہے۔

٭ڈیزی شاہ کا تنوشری کی حمایت کرتے ہوئے کہنا تھا، ’’میں تنوشری کی مکمل حمایت کرتی ہوں، اس کے اندر کافی عرصے سے یہ لاوا تھا جو کسی نہ کسی روز پھٹنا تھا‘‘۔

٭بالی ووڈ فیشن آئیکون سونم کپور نے ہراسگی کیس سے متعلق ٹوئٹ کیا،’’مجھے تنوشری دتہ اور جینک پر یقین ہے۔ جینک میری دوست ہے اور وہ کچھ بھی ہوسکتی ہے لیکن جھوٹی نہیں، ہم سب کو ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہنا ہے‘‘۔

٭ٹوئنکل کھنہ نےتنوشری پر تنقید کرنے والوں کے خلاف ٹوئٹ کیا،’’ تنوشری دتہ کو جج کرنے اور انہیں شرمندہ کرنے سے پہلے جینک کی ٹوئٹ پڑھ لیں۔ کام کرنے کی جگہ پر بغیر کسی ڈر اور خوف کے ماحول میں کام کرنا ہر کسی کا حق ہے‘‘۔

٭بالی ووڈ کے معروف اداکار عامر خان کا ٹوئٹ بھی تنوشری کے حق میں تھا۔ ان کا کہنا تھا، ’’میں اس بارے میں زیادہ کچھ نہیں جانتالیکن اگر واقعی میں تنوشری دتہ کے ساتھ ایسا کچھ ہوا ہے تو یہ بہت ہی افسوس کی بات ہے‘‘۔

تنوشری کی حمایت میں ٹوئٹ کرنے والوں میں اداکارہ سوارا بھاسکر ، ریچا چڈھا ، پرینیتی چوپڑا ،ونکنا سین شرما اور انوراگ کاشیپ بھی شامل ہیں۔

کس نے کی مخالفت

می ٹو کی لہر بھارت کے معروف اداکاروں کو بھی خوفزدہ کرگئی ہے، جس طرح بالی ووڈ انڈسٹری کی بیشتر نامور اداکارائیںتنوشری کی حمایت میں اٹھ کھڑی ہوئی ہیں۔ اسی طرح بالی ووڈ کے نامور اداکار تنوشری کو سپورٹ کرنے کے بجائےنانا پاٹیکر کی حمایت میں اٹھ کھڑے ہوئے جبکہ کچھ نے اس معاملے پر بات نہ کرنے اور ٹالنے میںہی عافیت جانی۔

امیتابھ بچن

بھارتی میڈیا نے جب لیجنڈ اداکار سے اس موضوع پر ردعمل جاننے کی کوشش کی تو ان کا کہنا تھاکہ میرا نام نہ تو نانا پاٹیکر ہے اور نہ ہی تنوشری دتہ، تو پھر میں کیسے اس سوال کا جواب دے سکتا ہوں؟

شکتی کپور

تنوشری دتہ اور نانا پاٹیکر کے تنازعہ کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میںشکتی کپور نے غیر ذمہ دارانہ رویے کا مظاہرہ کیا۔ ان کا کہنا تھاکہ میں اس کیس کے بارے میں کچھ نہیں جانتا، آج سے 10سال قبل جب یہ واقعہ رونما ہوا تب میں بچہ تھا۔

سلمان خان

یہی سوال جب دبنگ اسٹار سلمان خان سے پوچھاگیا تو انہوں نے لاتعلقی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس مسئلے سے آگاہ نہیں ہیں۔

راکھی ساونت

اسکینڈل کوئین کہلائی جانے والی اداکارہ راکھی ساون ناناپاٹیکر کے دفاع میں اٹھ کھڑی ہوئی اور کہا کہ تنوشری دتہ جس دن کی بات کر رہی ہیں، اس روزوہ نشے میں تھیں۔

واضح رہے کہ بالی ووڈ میں تنوشری دتہ پہلی اداکارہ ہیں، جنہوں نے اس مہم کا سہارا لیتے ہوئےبلاخوف وخطر دیر سے ہی سہی لیکن جنسی ہراسگی کے معاملے پر آواز اُٹھائی ہے۔