وفاقی حکومت 18ویں ترمیم سے چھیڑخانی نہ کرے،ترجمان بلاول بھٹو

October 19, 2018

پیپلز پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو کے ترجمان مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت 18ویں ترمیم اور این ایف سی ایوارڈ سے چھیڑخانی کا خیال ذہن سے نکال دے۔

ایک بیان میں مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا کہ نیاپاکستان کاخواب دکھانےوالوں نےپرانے پاکستان کو بدحال کردیا ہے،صوبوں کے مالی اور انتظامی اختیار کم کرنا وفاق کے ساتھ کھلواڑ کے مترادف ہوگا۔

انہوں نے وفاقی حکومت کو مشورہ دیا کہ وہ فیصلے کرنے سے قبل آئین پاکستان کا مطالعہ بھی کرلیا کریں ،جس میں واضح طور پر لکھا ہوا ہے کہ این ایف سی ایوارڈ میں صوبوں کا حصہ بڑھے گا کم نہیں ہوگا۔

بلاول بھٹو کے ترجمان نے مزید کہا کہپالیسی کے فقدان اور ناقص فیصلوں کی وجہ سے پہلے ملک بدترین معاشی بحران کا شکارہو چکا ہے۔

ان کا کہناتھاکہ اگر این ایف سے اور اٹھارویں ترمیم کو چھیڑا گیا تو ملک کی بنیادیں ہل جائیں گی،نئے پاکستان کا خواب لے کر تحریک انصاف کا ساتھ دینے والے بھی مایوسی کا شکار ہو چکے ہیں۔