افغانستان، حملے کے بعد قندھار میں انتخابات ملتوی، امریکا کی جانب سے حملے کی مذمت

October 20, 2018

کراچی (نیوز ڈیسک) افغانستان کے جنوبی صوبے قندھار میں ایک روز قبل ہونے والے حملے میں اعلیٰ حکام کی ہلاکت کے بعد افغان حکومت نے صوبے میں عام انتخابات کو ایک ہفتے کے لیے مؤخر کردیا ہے۔افغانستان کے آزاد الیکشن کمیشن کے ترجمان حفیظ اللہ ہاشمی نے جمعے کو صوبے میں انتخابات کے التوا کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ قندھار پولیس کے سربراہ جنرل عبدالرازق کی ہلاکت کے بعد صوبے کے لوگ "نفسیاتی طور پر ووٹ ڈالنے کے لیے تیار نہیں ہیں ۔ "افغان طالبان نے جمعے کو ایک بار پھر افغان عوام کو انتخابات سے دور رہنے کا انتباہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ہفتے کو اپنے گھروں سے نہ نکلیں۔طالبان ترجمان کی جانب سے قندھار حملے کے ایک روز بعد جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ تحریک کے جنگجو انتخابات کے دوران سڑکیں بند کردیں گے اور "صورتِ حال پر کڑی نظر رکھیں گے۔