نیا پاکستان ڈرائونا خواب بن گیا،سلیکٹڈوزیر اعظم کو تیاری کے بغیر لایا گیا،بلاول بھٹو

October 21, 2018

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سلیکٹڈ وزیراعظم کو تیاری کے بغیر لایا گیا، عمران خان کا نیا پاکستان عوام کیلئے ڈراؤنا خواب بن چکا ہے۔ ایک بیان میں گیس کی قیمتوں میں اضافے پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا ایسا لگتا ہے کہ حکومت کو معیشت کے بارے میں کچھ پتہ نہیں، اس حکومت کو اپنی سمت کی کوئی خبر نہیں، وہ لوگ جنہوں نے یہ دعویٰ کیا تھا کہ کشکول توڑ دیں گے اور آئی ایم ایف کے پاس نہیں جائیں گے اب وہ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا قرضہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے سوائے ضروری اشیاء کی قیمتوں کے اضافے کے اور کچھ نہیں کیا۔ پیپلزپارٹی کے دور میں تیل کی قیمت 148 ڈالر فی بیرل تھی لیکن ہماری حکومت نے قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا تھا۔ انہوں نے حکومت کی نیت پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے قوم کی زندگی کو مشکل بنانے کے علاوہ کچھ نہیں کیا۔ جن لوگوں نے یہ دعویٰ کیا تھا کہ وہ قوم کو ریلیف مہیا کریں گے اصل میں غریب لوگوں سے ان کے جینے کا حق بھی چھین رہے ہیں۔ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ سلیکٹ وزیر اعظم نے کوئی ہوم ورک نہیں کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ افراط زر کی شرح 14فیصد تک بڑھ جائے گی جس سے معیشت مکمل طور پر تباہ ہو جائی گی۔ پی ٹی آئی کی حکومت نے50 لاکھ گھروں کا وعدہ تو کیا ہے لیکن ایسا لگتا ہے کہ وہ غریب سے سب کچھ چھین لے گی۔