50 لاکھ گھروں کی تعمیر، 3 ممالک نے سرمایہ کاری کی پیشکش کردی

October 21, 2018

اسلام آباد(آئی این پی) وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے 50 لاکھ گھروں کی تعمیر کے اعلان کے بعد 3 ممالک نے نیا پاکستان ہائوسنگ منصوبے میں سرمایہ کاری کی پیشکش کر دی گئی،اسلام آباد کےپائلٹ پروجیکٹ پر کام شروع، گھروں کو پرائیویٹ سیکٹر تعمیر کرے گا۔ ذرائع کے مطابق منصوبے میں مختلف ممالک کی جانب سے گھروں کی تعمیر کی پیشکش پر غوروفکر جاری ہے جب کہ سات شہروں میں پائلٹ پروجیکٹ کا بھی اعلان کیا جاچکا ہے۔وفاقی وزیر ہائوسنگ و تعمیرات طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ اسلام آباد کے پائلٹ پروجیکٹ پر کام شروع کیا جاچکا ہے جب کہ اسلام آباد میں فیڈرل گورنمنٹ ہا ؤسنگ فیڈریشن کے پاس ڈیڑھ لاکھ لوگ بھی رجسٹرڈ ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان رجسٹرڈ لوگوں سے پوچھا جائے گا کہ کیا وہ نئے پاکستان ہاسنگ سکیم میں دلچسپی رکھتے ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم کے گھروں کو پرائیویٹ سیکٹر ہی تعمیر کرے گا تاہم حکومت زمین دے گی اور کمرشل بینکوں کو بھی معاملات میں شامل کیا جائے گا لیکن گھروں کی قیمت حکومت ہی طے کرے گی۔انہوں نے کہا کہ مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کار منصوبے میں سرمایہ کاری کریں گے۔