گریٹر اسرائیل کیلئے امریکہ مشرق وسطیٰ میں نئی بساط بچھا رہا ہے، حامد موسوی

October 22, 2018

اسلام آباد (اپنے نامہ نگار سے) تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے سربراہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا ہے کہ گریٹر اسرائیل کی تکمیل کیلئے امریکہ مشرق وسطیٰ میں نئی بساط بچھا رہا ہے۔ جمال خاشقجی کیس کے تمام تانے بانے امریکہ سے ملتے ہیں تاکہ سعودی عرب کے گرد گھیرا تنگ کیا جائے۔ امریکہ صدام والی داستان دہرا رہا ہے‘ صیہونی و استعماری منصوبوں کیخلاف سعودی عرب اور ایران امریکہ کیخلاف متحد ہو جائیں۔کشمیرو فلسطین کی آزادی کیلئے امت مسلمہ متفقہ لائحہ عمل اختیار کرے۔ اگر مسلم ممالک نےامریکہ، روس سے تعلقات رکھنے ہیں تو برابری کی بنیاد رکھیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عشرہ اسیران کربلا آرگنائزنگ کمیٹی کے عہدیداران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ سوویت یونین کے خاتمے کے بعد پاکستان نے امریکہ کو سپر طاقت بنوایا، ہماری بدقسمتی کہ شروع سے امریکہ کی گود میں چلے گئے جس کا خمیازہ آج ہم دہشت گردی اور معاشی بدحالی کی صورت بھگت رہے ہیں۔ آج بھی مسلم حکمرانوں کی اکثریت امریکہ کا نام جپتی ہے۔صیہونیت امریکہ پر حکومت کر رہی ہے جس کا ایجنڈا مسلمانوں کی تباہی ہے۔ حامد موسوی نے کہا کہ عالم اسلام کو اللہ نے ہر طرح کی نعمتوں سے نوازا ہے‘ عالم اسلام کے پہاڑ سونا اگل رہے ہیں‘ زمین کی ذرخیزی قابل رشک ہے لیکن اسکے باوجود مسلم ممالک عالم اسلام کے دست نگر ہیں۔ اگر مسلم ممالک اپنی بقاء و سلامتی چاہتے ہیں تو عالمی شیطانوں سے چھٹکارا حاصل کرنا ہوگا۔