(ن) لیگ قومی اداروں کو بدنام کرنے کی مہم جاری رکھے ہوئے ہے، عوامی تحریک

October 22, 2018

اسلام آباد (نیوز رپورٹر) پاکستان عوامی تحریک کے میڈیا کوآرڈنیٹر غلام علی خان نے کہا ہے کہ (ن) لیگ قومی اداروں کو بدنام کرنے کی مہم جاری رکھے ہوئے ہے۔ کبھی رانا مشہود‘ نہال ہاشمی اور کبھی دیگر قائدین کو استعمال کیا جاتا ہے۔ عدلیہ کی توہین کرنے پر سزا یافتہ نہال ہاشمی کو پاک فوج کیخلاف ہرزہ سرائی کرنے پر فوری گرفتار کر کے غداری کا مقدمہ چلایا جائے۔ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کینٹ کے قائدین سے ملاقات میں انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے سانحہ ماڈل ٹائون کے شہداء 4سال سے انصاف کے منتظر اور چیف جسٹس پاکستان سے انصاف کی آس لگائے بیٹھے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ 12مرکزی ملزمان کو شامل تفتیش نہ کرنے کے ہائی کورٹ لاہور کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا گیا ہے۔ وفد میں معراج نیئر، مبشر چوہدری، سردار مصطفیٰ، حافظ ریاض، حمزہ چوہدری، حسن احمد اور دیگر شامل تھے۔ غلام علی خان نے اپیل کی کہ نواز شریف، شہباز شریف، حمزہ شہباز، رانا ثناء اللہ، خواجہ سعد رفیق، پرویز رشید، عابد شیر علی، خواجہ آصف، چوہدری نثار اور ڈاکٹر توقیر شاہ سمیت دیگر نامزد ملزمان کو شامل تفتیش کرنے کا حکم جاری کیاجائے۔