دوست ممالک یا آئی ایم ایف سے قرض کے سوا چارہ نہیں، وزیراعظم، مدینہ آمد پر پرتپاک استقبال

October 23, 2018

اسلام آباد(نمائندہ جنگ‘ایجنسیاں)وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ روز ابو ظہبی کے ولی عہد اور متحدہ عرب امارت کی مسلح افواج کے نائب سپریم کمانڈر شیخ محمد بن زائد بن سلطان النہیان کو ٹیلیفون کیااور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیا ل کیا‘وزیر اعظم نے ولی عہد کو دورہ پاکستان کی دعوت دی جو انہوں نے قبو ل کر لی۔ دریں اثناءوزیراعظم عمران خان سعودی عرب کے دو روزہ سرکاری دورہ کے پہلے مرحلے میں پیرکومدینہ منورہ پہنچ گئے‘ائرپورٹ پر مدینہ کے گورنر شہزادہ فیصل بن سلمان اور پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف المالکی نےان کا پرتپاک استقبال کیا‘روانگی سے قبل برطانوی نیوز ویب سائٹ کو انٹرویومیں عمران خان نے ایک بار پھر کہا ہے کہ دوست ممالک سے مالی معاونت یا عالمی مالیاتی فنڈ(آئی ایم ایف)سے قرض کے سواکوئی چارہ نہیں‘سعودی عرب سے قرض لینے کے خواہش مند ہیں‘ ملک کوبدترین معاشی بحران کا سامنا ہے، ہمارے پاس دو تین ماہ سے زیادہ کے زرمبا دلہ ذخائر نہیں۔