نیوزی لینڈ ون ڈے سیریز، حفیظ کی شمولیت کا امکان

November 02, 2018



نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے قومی سلیکشن کمیٹی کی سوچ بچار جاری، آل راؤنڈر محمد حفیظ ٹیم میں شمولیت کے مضبوط امیدوار بن گئے، فاسٹ بولر جنید خان کے ان فٹ ہونے سے سلیکشن کمیٹی کی مشکلات بڑھ گئیں۔

ٹی ٹونٹی سیریز کے بعد پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ون ڈے سیریز 7 نومبر سے شروع ہو رہی ہے جس کے لیے قومی سلیکشن کمیٹی نے کھلاڑیوں کے انتخاب پر سوچ بچار شروع کر دی ہے، قومی ٹیم کا اعلان ایک دو روز میں متوقع ہے ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آل راؤنڈر محمد حفیظ ون ڈے اسکواڈ میں شمولیت کے مضبوط امیدوار بن گئے ہیں ، انہیں ایشیا کپ کے لیے ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا تھا۔

حفیظ کو آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ اور پھر ٹی ٹونٹی اسکواڈز میں بھی شامل کیا گیا تھا جس میں انہوں نے تسلسل کے ساتھ پرفارم کیا اور اسی وجہ سے انہیں نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے اسکواڈ میں بھی شامل کیے جانے کا امکان ہے۔

فخر زمان کی شمولیت فٹنس سے مشروط ہے گھٹنے کی انجری کا شکار فخر زمان کا آج دوسرے ٹی ٹونٹی سے قبل فٹنس ٹیسٹ ہوگا، امام الحق نے قائد اعظم ون ڈے کپ کا سیمی فائنل کھیل کر اپنی فٹنس ثابت کر دی ہے ان کا ٹیم میں جگہ برقرار رکھنے کا امکان ہے۔

فاسٹ بولر جنید خان فٹنس مسائل سے دوچار ہوگئے ہیں وہ قائد اعظم ون ڈے کپ کا سیمی فائنل نہیں کھیل رہے لہذاان کی فٹنس کا جائزہ لیا جا رہا ہےجس کے بعد ہی محمد عامر اور وقاص مقصود کی ٹیم میں شمولیت کے حوالے سے فیصلہ ہو گا، جبکہ محمد نواز کی جگہ عماد وسیم ٹیم کا حصہ بنیں گے۔