امریکا نے ریمنڈ کے بدلے عافیہ کو حوالے کرنے کی پیشکش کی تھی، فوزیہ

November 09, 2018

کراچی (ٹی وی رپورٹ)امریکا میں قید ڈاکٹر عافیہ کی بہن فوزیہ صدیقی نے انکشاف کیا ہے کہ امریکا نے ریمنڈ ڈیوس اور بریگیڈئیر برگ ڈیل کے بدلے ان کی بہن کو پاکستان کے حوالے کرنے کی پیشکش کی تھی۔جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے فوزیہ صدیقی نے انکشاف کیا ہے کہ امریکی پیشکش کے باوجود پاکستان نے عافیہ کی جگہ ’’کچھ اور‘‘ لینے کا فیصلہ کیا۔فوزیہ صدیقی نے کہا کہ عافیہ کو صدر اوباما کی طرف سے صدارتی معافی کے آپشن کے وقت بھی پاکستان نے سستی دکھائی لیکن اب 100 فیصد امید ہے کہ ڈاکٹر عافیہ جلد پاکستان آ رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان 2003 سے اس معاملے پر اُن کے ساتھ ہیں، وہ کہہ چکے ہیں کہ عافیہ کو تنہا چھوڑنے والوں کو حکومت کرنے کا کوئی حق نہیں ہے۔ڈاکٹر فوزیہ نے مزید کہا کہ عمران خان آمرانہ دور میں بھی عافیہ صدیقی کے ساتھ کھڑے رہے جب دوسرے خوفزدہ تھے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے عافیہ صدیقی پر پیش رفت کا بتایا ہے جس کے بعد وہ عافیہ کی رہائی کیلیے بہت پُر امید ہیں۔