’حکومت سے تنخواہ لینے والوں سے احتساب نہیں چاہتے‘

November 09, 2018

مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ ہم احتساب چاہتے ہیں لیکن ان سے نہیں جو حکومت سے تنخواہ لیتے ہیں۔

قومی اسمبلی میں تحریک استحقاق پر بات کرتےہوئے ن لیگ کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ اگر حکومت تحریک استحقاق سے بھاگنا چاہتی ہے تو بتادے، اسپیکر کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر آپ ایوان کی ساکھ کا تحفظ نہیں کریں گے تو کون کرے گا۔

شاہد خاقان نے کہا کہ چیئرمین نیب کی ہدایت پر نیب کا افسر اپوزیشن کا میڈیا ٹرائل کررہا ہے اور زیر سماعت کیسوں پر اثر انداز ہورہا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ نیب افسر اپوزیشن کی ساکھ کو خراب کررہا ہے، ہم احتساب چاہتے ہیں لیکن اُن سے نہیں جو حکومت سے تنخواہ لیتے ہیں۔

رہنما ن لیگ شائد خاقان عباسی نے کہا کہ میں اکتیس سال سے ایوان میں آرہا ہوں، جو باتیں نیب افسر کر رہا ہے وہی وزراء بھی کرتے ہیں۔ ممبران کوبات کرنے کا موقع دیا جائے تاکہ حقائق عوام کے سامنے آئیں۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ نیب افسر کے خلاف تحریک استحقاق لی جائے، جس کے جواب میں اسپیکر اسد قیصرکا کہنا تھا کہ رولز کے مطابق تحریک استحقاق آئے گی تو اسے لیں گے۔

قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصرنے مزید کہا کہ تحریک استحقاق کی فائل آئے گی تو اس پر قانونی رائے لوں گا۔