14نومبر کو ای او بی آئی کی پنشن 5سے10ہزار روپے کردینگے، ذوالفقاربخاری

November 11, 2018

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) وزیراعظم کے میشر برائے سمندر پار پاکستانیز سید ذوالفقار بخاری المعرف زلفی بخاری نے کہا ہے کہ سابق ادور میں ای او بی آئی اور او پی ایف میں اربوں روپے کی کرپشن کی گئی ہے ،وائٹ پیپرز لانے کے بعد کیسزنیب کو بھجواوں گا 14نومبر کو ای او بی آئی کی پنشن 5سے10ہزار روپے کردینگے ۔’’ جنگ‘‘سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئےاْنہوں نے کہا کہ سابق ادوار میں ای او بی آئی میں ورکرز کے فنڈز سے وزیروں نے اپنے بیٹوں داماد اور قریبی رشتے داروں سے کوڑیوں کے پلاٹ اربوں روپے میں خریدے اوراربوں روپے کی پراپرٹی کروڑوں میں فروخت کی ہے اس میں ایک سابق وزیر اعظم بھی ملوث ہیں ، او پی ایف ہائوسنگ سوسائٹی زون فائیو میں بھی بڑے پیمانے پر کرپشن کی گئی ، ان دونوں معاملات پر الگ الگ ’’وائٹ پیپرز ‘‘ تیار کر رہا ہوں ، ای او بی آئی والا وائٹ پیپر حکومت کے پہلے سو دنوں کے اندر جبکہ او پی ایف والا چند ہفتے بعد جاری کیا جائے گا جس میں کالے کارناموں کے ساتھ نام بھی افشاں کروں گا ،اْنہوں نے کہا کہ 14نومبر کو ای او بی آئی کی پنشن 5ہزار سے بڑھا کر10ہزار روپے ماہانہ کر دی جائے گی ، 19نومبر سے وفاقی وزارت سمندر پار پاکستانیز کو پیپر فری وزارت بنا دیا جائے گا ۔اوور سیز پاکستانیز کی شکایات نوٹ کرنے کیلئے ’’کال سر زمین‘‘ کال سینٹر 24گھنٹے کام کا آغاز کر دے گا جس کو وزیر اعظم آن شکایت پورٹل سے جوڑا گیا ہے۔