جمال خاشقجی کےقتل سے متعلق آڈیو ٹیپ امریکا سمیت کئی ممالک کے حوالے

November 11, 2018

انقرہ (جنگ نیوز) ترکی نے کہا ہے کہ اس نے سعودی صحافی جمال خاشقجی کی موت سے متعلق آڈیو ریکارڈنگ امریکا اور سعودی عرب سمیت کئی ممالک کو مہیا کی ہیں۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق ترک صدر رجب طیب ایردوان نے اپنے اس موقف کی ایک بار پھر دہرایا ہے کہ سعودی عرب کو معلوم ہے کہ جمال خاشقجی کو کس نے ہلاک کیا ہے۔ جمال خاشقجی کو دو اکتوبر کو استنبول میں سعودی قونصلیٹ میں قتل کر دیا گیا تھا۔ سعودی عرب نے تسلیم کیا ہے کہ صحافی جمال خاشقجی کو قونصلیٹ میں قتل کیا گیا ہے لیکن سعودی عرب یہ تسلیم کرنے کے لیے تیار نہیں ہے کہ ان کے قتل میں شاہی خاندان کا کوئی فرد ملوث ہے۔ خاشقجی سعودی حکمرانوں کے بڑے ناقدین میں سے تھے جنھیں استنبول میں سعودی عرب کے سفارت خانے میں قتل کیا گیا۔ سعودی عرب نے ان خبروں کی بھی تردید کی ہے جن میں کہا گیا کہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کسی امریکی اہلکار کو بتایا تھا کہ جمال خاشقجی خطرناک اسلامی شدت پسند تھے۔ اس سے پہلے میڈیا اطلاعات کے مطابق سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان نے امریکا کو بتایا تھا کہ ان کے نزدیک قتل کیے گئے صحافی جمال خاشقجی ایک خطرناک اسلامی شدت پسند ہیں۔