تھریسامے کی بریگزٹ ڈیل کو تباہ کن شکست کاخطرہ

November 13, 2018

لندن (نیوز ڈیسک) تھریسا مے کی بریگزٹ ڈیل کو تباہ کن شکست کا خطرہ ہے۔ ڈیلی مرر کی رپورٹ کے مطابق ٹوریز ارکان پارلیمنٹ بھی بریگزٹ کے مسئلے پر ڈی یو پی کے ساتھ مل گئے ہیں۔ اخبار کے مطابق اس وقت تھریسا مے کی حالت ایک بھنور میں پھنسے جہاز کے کپتان جیسی ہے جبکہ ایک ایسے وقت، جب اگلے مارچ میں یورپی یونین سے علیحدگی کا وقت قریب تر آرہا ہے، لیبر اوریورپی یونین دونوں ہی نے ان کے منصوبوں کو ناکام بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔ اخبار کے مطابق بریگزیٹ کے حامی تمام فریق، یورپی یونین میں شامل رہنے کے حامی، لیبر پارٹی اوریورپی یونین سب ہی نے تھریسا مے پر بھرپور یلغار کردی ہے۔ اخبار کے مطابق توقع ہے کہ تھریسا مے رواں ہفتے کے دوران ہی نئی ڈیل کے حوالے سے اتفاق رائے کیلئے اپنی کابینہ کا اجلاس بلائیں گی تاکہ یہ ڈیل کرسمس سے قبل منظوری کیلئے یورپی یونین کے سامنے پیش کی جاسکے لیکن ڈیل پر اتفاق رائے کے بعد بھی اسے منظوری کیلئے پارلیمنٹ کے سامنے پیش کرنا ہوگا جبکہ دونوں پارٹیوں کی اہم شخصیات نے یہ واضح کیا ہے کہ یہ ڈیل منظور نہیں ہونے دی جائے گی۔ برطانوی کابینہ کی ایک اندرونی رکن نے گزشتہ روز سن آن سنڈے سے باتیں کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت تھریسا مے کا حال جہاز کے اس کپتان جیسا ہے، جسے سامنے بھنور نظر آرہا ہے اور جہاز کا عملہ چھلانگیں لگا کر جہاز سے نکل رہا ہے لیکن اس کے باوجود وہ اپنا رخ موڑنے پر تیار نہیں ہیں۔ اخبار کے مطابق تنازع ڈیل نہ ہونے کی صورت میں برطانیہ کو یورپی یونین کے کسٹمز قوانین سے بچانے کے حوالے سے کوئی منصوبہ نہ ہونے پر ہے۔