لاکھوں پاکستانی لڑکیاں تعلیم سے محروم ہیں، ہیومن رائٹس واچ

November 14, 2018

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) لاکھوں پاکستانی لڑکیاں تعلیم سے محروم ہیں۔ برطانوی اخبار میل نے بین الاقوامی حقوق کے ایک گروپ کے حوالے بتایا کہ پاکستان میں لاکھوں لڑکیاں تعلیم سے محروم ہیں جس کی سب سے بڑی وجہ حکومت کا تعلیم پر کم رقم خرچ کرنا ہے۔ ہیومن رائٹس واچ کا کہنا ہے کہ لڑکیاں کی تعلیم سے محرومی کی کئی وجوہ ہیں، جس میں سرکاری اسکولوں کی کمی شامل ہے۔ نیو یارک میں قائم واچ ڈوگ نے کہا ہے کہ پاکستان کی آبادی تقریباً207ملین ہے جس میں اسکول جانے والی عمر کے80ملین بچے شامل ہیں اور ساڑھے22ملین بچے اسکول سے باہر ہیں۔ جن میں زیادہ تر لڑکیاں ہیں۔ اس حوالے سے111صفحات پر مبنی رپورٹ جمعرات کو شائع کی گئی ہے۔ اس کا عنوان شیل آئی فیڈ مائی ڈاٹر اور ایجوکیٹ ہر؟ بیریئرز ٹو گرلز ایجوکیشن ان پاکستان ہے۔ 2017ء میں پاکستان نے تعلیم پر جی ڈی پی کا2اعشاریہ8فیصد سے بھی کم خرچ کیا تھا جبکہ4تا6فیصد کی سفارش کی گئی تھی۔