سبزیاں پھل،ورزش نہایت ضروری،چکنائی سے بچیں،ماہر امراض جگر

November 14, 2018

کراچی(جنگ نیوز)جیو کے مارننگ شو’’جیو پاکستان‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے ماہر امراض جگر ڈاکٹر فیصل حنیف نے کہا کہ جگر کوصحت مند رکھنے کیلئےسبزیاں پھل،ورزش نہایت ضروری،چکنائی زدہ کھانوں سے بچنا چاہئے،پاکستانی نژاد برطانوی ڈاکٹر پروفیسر شاہد قریشی نے کہا کہ پاکستان میں تین قسم کے تعلیمی نصاب ہیں اس سے قوم کے ذہن تقسیم ہو رہے ہیں،سینئر ڈاکٹر جنرل فزیشن علی رضا نے کہاکہ فوڈپوائزننگ کو معمولی سمجھنا مہلک ثابت ہوسکتاہے ، الٹی ،متلی ،ڈائریاہوجانا یہ سب فوڈپوائزننگ کی علامات ہیں ان پر دھیان رکھنا ضروری ہے۔پنجاب اسموگ کی زد میں ہے اسکا بھی ذکر کیا گیا جبکہ اداکار قوی خان کو 71ویں سالگرہ پر مبارک باد پیش کی گئی۔ پروگرام میں وزیراعظم کے مشیرافتخار درانی، سینئر تجزیہ کارپروفیسر رسول بخش رئیس، رہنماء پیپلزپارٹی تاج حیدر،ڈائریکٹرتحفظ ماحولیات نسیم الرحمن شاہ،فلمی تجزیہ کار ریحان احمد گفتگو میں شریک تھے۔ماہر امراض جگر ڈاکٹر فیصل حنیف نے کہا کہ جگر کی بیماریوں سے بچنے کیلئے ورزش نہایت ضروری ہے، چکنائی والے کھانے زیادہ کھانے سے جگر پر اثر پڑتا ہے، سبزیوں پھلوں کا استعمال جگر کیلئے نہایت مفید ہے پاکستان میں جگر کی بیماریوں کی سب سے عام وجہ ہیپاٹائٹس ہے، ہیپاٹائٹس اے ایک سے دوسرے کو لگ سکتا ہے، ہیپاٹائٹس بی، سی خون کی منتقلی سے پھیلتا ہے۔ لیور ٹرانسپلانٹ بہت مہنگا ہے چالیس سے پچاس لاکھ لگتے ہیں۔پاکستانی نژاد برطانوی ڈاکٹر پروفیسر شاہد قریشی کو نیشنل ہیلتھ سروس میں خدمات کے اعتراف میں رائل سوسائٹی آف میڈیسن برطانیہ کے ای این ٹی سیکشن کا صدر منتخب کیا گیا ہے ۔