صوبہ بھر میں خدمت مراکز یکجا ،ہسپتالوں میں کاؤنٹرقائم

November 15, 2018

ملتان(سٹاف رپورٹر) صوبے بھر میں قائم خدمت مراکز کو یکجا کر دیا گیا ۔ شہری کسی بھی ضلع سے ان سہولیات سے مستفید ہو سکیں گے۔ اس نظام کے تحت ڈی ایچ کیو ہسپتالوں میں بھی پولیس خدمت کاؤنٹرز قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ صوبے بھر میں قائم کئے گئے پولیس خدمت مراکز میں فراہم کی جانے والی تمام سروسز کو فوری طور پر مربوط کر دیا گیا ۔ ان سہولیات کی پراگریس کے بارے میں آئی جی پنجاب، امجد جاوید سلیمی کو ان کے آفس میں اے آئی جی ڈویلپمنٹ، پراجیکٹ ڈائریکٹر،محمد احسن یونس اور پی آئی ٹی بی کے ڈائریکٹر جنرل آپریشنز فیصل یوسف نے تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر آئی جی پنجاب نے کہا کہ اس سے قبل زخمیوں کو میڈیکو لیگل کیلئے پہلے تھانوں سے ڈاکٹ حاصل کرنا پڑتا تھا جبکہ اس سسٹم کے ذریعے صوبے بھر کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتالوں پر قائم کئے گئے پولیس خدمت کاؤنٹرز سے رابطہ کر کے یہ سروس حاصل کی جا سکے گی۔