گزشتہ بدمزگی پر سینیٹ میں پھر گرما گرمی، اپوزیشن کا واک آؤٹ

November 15, 2018

سینیٹ میں گزشتہ روز کی بدمزگی پر ایوان میں آج پھر گرما گرمی ہوئی، مسلم لیگ نون کے سینیٹر راجا ظفر الحق نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ کی بات بھی نہ مانی جائے تو واک آؤٹ کرنا پڑے گا۔

نیشنل پارٹی کے سینیٹر میر حاصل بزنجو نے کہا کہ جب تک وفاقی وزیر ایوان سے معافی نہیں مانگیں گے اپوزیشن ایوان میں نہیں بیٹھے گی۔

پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ عوام دیکھ رہے ہیں کہ کون ایوان نہیں چلنے دے رہا، مشاہد اللہ خان کی تقریر اور وفاقی وزیر کی تقریر کا متن منگا لیں، دیکھیں اجلاس میں کس نے غیر پارلیمانی بات کی۔

پیپلز پارٹی کی سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ پارلیمانی زبان کے دائرے سے نکل کر بات کی جاتی ہے، وزیر اطلاعات کو معافی مانگنی پڑے گی، پھر دیکھیں گے کہ ایوان کو کہاں چلائیں، باہرچلائیں یا کہیں اور۔

اپوزیشن ارکان نے وفاقی وزیراطلاعات کے معافی مانگنے تک ایوان سے واک آؤٹ کر دیا، نیشنل پارٹی کے سینیٹر میر کبیر نے سینیٹ میں کورم کی نشاندہی کر دی۔

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے قائد ایوان کو ہدایت کی کہ وہ اپوزیشن کو منا کر لے آئیں، انہوں نے اعظم سواتی اور علی محمد خان کو بھی ساتھ جانے کی ہدایت کی۔

سینیٹ میں کورم پورا نہ ہونے کے باعث اجلاس آدھے گھنٹے کے لیے ملتوی کر دیا گیا۔