ٹرمپ کا انکار ، بھارت کی جنوبی افریقی صدر کو دعوت

November 15, 2018

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے انکار کے بعد جنوبی افریقہ کے صدر کو بھارتی یوم جمہوریہ کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔

بھارتی حکام کے مطابق اگلے سال ہونے والی یوم جمہوریہ کی تقریب میں جنوبی افریقہ کے صدر راما فوسا مہمان خصوصی ہوں گے ، امریکی صدر کی تقریب میں شرکت سے معذرت کے بعد جنوبی افرقی صدر کو دعوت دی گئی ہے ۔

امریکی حکام کے مطابق ٹرمپ ملکی مصروفیات کے باعث بھارت نہیں جا سکیں گے ، ان مصروفیات میں امریکی صدر کا اسٹیٹ آف یونین خطاب بھی شامل ہے ۔

ایک سال قبل مودی نے ٹرمپ کو اپنے دورہ امریکہ کے دوران بھی بھارت کا دورہ کرنے کی دعوت دی تھی۔ مودی نے وائٹ ہاؤس میں ملاقات میں ان سے کہا تھا کہ میں آپ کو اور اہل خانہ کو ہند آنے کی دعوت دیتا ہوں او رمجھے امید ہے کہ آپ مجھے میزبانی کا شرف بخشیں گے۔

واضح رہے بھارت ہر سال 26 جنوری کو بھارت اپنا یوم جمہوریہ مناتا ہے، 1947ء میں آزادی کے بعد 26 جنوری 1950 کو بھارت نے اپنا نیا آئین اپنایا تھا۔