تحفظ ناموس رسالت قانون میں تبدیلی کی کوشش عوام قبول نہیں کرینگے،فضل الرحمٰن

November 16, 2018

لاہور( نمائندہ خصو صی،نمائندہ جنگ) متحدہ مجلس عمل کے صدر مولانا فضل الرحمٰن نے کہاہے کہ تحفظ ناموس رسالت قانون میں تبدیلی کی کوشش عوام قبول نہیں کرینگے،حکومت کو خصوصی ایجنڈے کی تکمیل کے لیے پاکستان پر مسلط کیا گیاہے ۔ عالمی استعمار اور حکمران مسلمانوں کے دل سے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی محبت و عقیدت نکال نہیں سکتے ۔ آسیہ مسیح کی رہائی سے مغرب اور یورپ خوش ہیں ۔ خاکے بنا کر توہین رسالت کرنے والے بھی اس فیصلے پر خوشیاں منا رہے ہیں ۔ ہمارے ملک کا حکمران مغرب کے ساتھ کھڑا ہے کیا نوجوان لڑکے لڑکیوں کے مخلوط رقص و سرود سے ریاست مدینہ بنائی جاسکتی ہے ؟۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے متحدہ مجلس عمل ، ملی یکجہتی کونسل ودیگر دینی و مذہبی جماعتوں کے زیراہتمام لاہور میں مال روڈ پر ہونے والے تحفظ ناموس رسالت ﷺ ملین مارچ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ قائم مقام امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ محمد ادریس ، امیر مرکزی جمعیت اہلحدیث علامہ ساجد میر، عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے رہنما مولانا اللہ وسایا ، جے یو آئی کے رہنما صاحبزادہ اویس احمد نورا نی، امیر جماعت اسلامی لاہو ر ذکر اللہ مجاہد ، جماعۃ الدعوہ کے رہنمامولانا امیر حمزہ ، مولانا عبدالغفورحیدری ،مولانا محمد امجد خان ،مولانا راشد خالد محمود سومرو ،فرید احمد پراچہ ، مولانا ڈاکٹر عتیق الرحمن ،میاں مقصود احمد،مولانا خلیل الرحمن درخواستی ،محمد اسلم غوری ،مولانا عبد المالک ،حافظ ابتسام الہی ظہیر،حافظ انور ساجد،مولانا اسماعیل شجاع آبادی ،مولانا عزیز الرحمن ثانی ،مفتی عزیز الرحمن،مولانا عبد الماجید توحیدی ،ذکر اللہ مجاہد ،قاری عبد الصمد ،مولانا عبد النعیم ،مولانا علیم الدین شاکر،اکرم درانی ، رانا شفیق پسروری ، راشد محمو د اور دیگر نے بھی خطاب کیا،اس موقع پر قائم مقام سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان حافظ ساجد انور ، امیر جماعت اسلامی وسطی پنجاب امیر العظیم اور سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی قیصر شریف بھی موجود تھے ۔ مولانا فضل الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہاکہ لاہور میں اس عظیم الشان ملن مارچ کے انعقاد پر مبارکباد دیتا ہوں حکمران لاکھ کوشش کریں عالمی استعمار لاکھ کوشش کریں لیکن مسلمانوں کے دل سے آقادوجہاں ﷺ کی محبت کو کبھی بھی نہیں نکال سکتے تحفظ ناموس رسالت قانون میں اگر کسی بھی قسم کی تبدیلی کی کوشش کی گئی تو عوام اس کو کسی صورت میں قبول نہیں کرے گی ہم رسالت مآب ﷺ کی توہین حوالے سے کسی بیرونی دباؤ کو قبول کر نے کے لیئے تیار نہیں حکومت نے امریکہ کی خوشنودی کے لیئے ملک کا وقار داؤ پر لگا دیا مگر وہ اپنے مقاصد میں کامیاب نہیں ہوگی انہوں نے کہاکہ کلمے کے نام پر بننے والے ملک کو امریکہ کی کالونی کسی صورت نہیں بننے دیا جا ئے گا۔