تھریسامے بھی تحریک عدم اعتماد کا مقابلہ کرنے کیلئے متحرک

November 17, 2018

لندن (نیوز ڈیسک) بریگزٹ ڈیل کی منظوری کے ساتھ ہی کابینہ کے متعدد ارکان اور سیکرٹریز کے استعفوں کے بعد برطانوی وزیراعظم تھریسا مے کو ایک اور سخت اور مشکل دن کا سامنا کرنا پڑا ۔ ان کو وزارت عظمیٰ کے عہدے سے الگ کرنے کیلئے ان کے وہ ساتھی ایم پیز کوششیں کر رہے ہیں، جو ان کی بریگزٹ ڈیل سے ناخوش ہیں۔ ڈائوننگ سٹریٹ بھی عدم اعتماد کی تحریک کا سامنا کرنے کیلئے متحرک ہے اور حکومتی وہپس کو ان کے حلقوں سے ویسٹ منسٹر طلب کیا گیا۔ تھریسا مے نے صبح کا آغاز ایل بی سی پر 30 منٹ فون ان پروگرام سے کیا اور یہ اصرار کیا کہ وہ وزیراعظم کے طور پر کام کرتی رہیں گی۔ انہوں نے بریگزٹ ڈیل کا دفاع کیا، جس سے خود ان کے کئی ایم پیز ناراض ہیں۔ اس سے چند منٹ قبل سابق کلچر سیکرٹری جان وٹنگڈیل نے بھی تھریسا مے کی قیادت پر عدم اعتماد کا خط کمیٹی کے سربراہ کے حوالے کیا۔