میلادمصطفیٰ ؐ منانا ضروری ہے،نبی کریم ؐکی آمد سے انسانیت کو معراج ملی، پیر منور حسین جماعتی

November 17, 2018

برمنگھم (ابرار مغل) انٹرنیشنل انجمن خدام الصوفیہ اور امیر ملت ٹرسٹ برطانیہ کے چیئرمین اور آستانہ عالیہ علی پور سیداں کے سجادہ نشین و جانشین مہرالملت پیرجماعت علی شاہ اور عالمی مبلغ اسلام صاحبزادہ پیرسید منورحسین شاہ جماعتی پاکستان کا تفصیلی تبلیغی اور روحانی دورہ مکمل کرکے واپس برطانیہ پہنچ گٓئے ہیں۔ مانچسٹر ائرپورٹ پر مریدوں اور عقیدت مندوںنے ان کا شاندار استقبال کیا۔ صاحبزادہ پیرسید منورشاہ جماعتی مرکزی جامع مسجد امیرملت برمنگھم کے زیراہتمام سالانہ مرکزی جلوس کی صدارت و سربراہی کے ساتھ ساتھ برطانیہ بھر میںہونے والی مختلف محافل اور مجالس کی تقریبات میں شرکت کریں گے۔ برطانیہ واپسی پر جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے صاحبزادہ پیرسید منورحسین شاہ جماعتی کا کہنا تھا کہ ایسے وقت میںجب نبی کریم آقا دوجہاںؐ کی شان و مقام کی گستاخی کیلئے مختلف حربے استعمال ہورہے ہیں، میلاد مصطفیٰؐ کا انعقاداور اہتمام اشد ضروری ہے۔ نبی کریمؐ کی سیرت اور تعلیمات کو عام کرکے دنیا کو باور کرایا جائے کہ ہمارے پیارے نبی پیغمبر امن و سلامتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نبی آخرالزمان کی آمد سے دین اسلام کی تکمیل سے انسانیت کو معراج ملی۔ تحفظ ناموس رسالت کیلئے اتحاد امت ضروری ہے۔ انہوںنے کہا کہ غلبہ و اشاعت اسلام کیلئے پوری امت کو متحد ہوکر کردار ادا کرنا ہوگا۔ نبی پاکؐ کی تعلیمات ان کے بتائے طریقوں سے انحراف ہماری تنزلی کی اصل وجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ میںاس وقت مسلمانوںکو متحد ہوکر جہاں مختلف مسائل سے نمٹنے کیلئے کردار ادا کرنا چاہئے وہیں نوجوان نسل پر خصوصی توجہ دینی ہوگی کیونکہ نوجوان نسل ہی ہمارا اصلی اثاثہ ہے، ان کے دلوں میں عشق رسول بسانا ہوگا۔ درین اثناء آستانہ عالیہ علی پور سیداں کے عقیدت مندوں اور مریدوں نے بھی پیرسید منور حسین شاہ جماعتی سے خصوصی ملاقاتیں بھی کیں۔