نجم سیٹھی کا احسان مانی کو قانونی نوٹس ، غلط اعداد و شمار پر معافی مانگنے کا مطالبہ

November 17, 2018

کراچی (عبدالماجدبھٹی / اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی اور سابق چیئرمین نجم سیٹھی کے درمیان قانونی جنگ میں شدت آگئی ہے۔ نجم سیٹھی نے جمعہ کو احسان مانی کو ایک اور قانونی نوٹس بھیج دیا ہےجس میں غلط اعداد وشمار جاری کرنے پر معافی مانگنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ قانونی نوٹس کے جواب میں پی سی بی نے غلط اعداد وشمار بتائے، پی ایس ایل میں مجھے جاری کئے گئے چیک کی معلومات بھی درست نہیں۔ قانونی فرم کے ذریعے بھجوائے گئے نوٹس میں سی بی کی طرف سے 9؍ نومبر کو بھیجے گئے جواب کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ بورڈ نے 20؍ اگست تک شفافیت اور احتساب کی کوئی پالیسی ہی نہیں بنائی تھی جس کے تحت بورڈ عہدیداروں کے اخراجات کی تفصیلات ویب سائٹ پر جاری کی جاتیں ، نہ ہی اس اقدام کیلئے بورڈ آف گورنرز سے منظوری لی گئی تھی۔ اخراجات اس وقت چیئرمین پی سی بی نے کئے نجم سیٹھی نے ذاتی حیثیت میں نہیں کئے تھے، تفصیلات جاری کرنے کا مقصد شہرت داغدار کرنے کے سوا کچھ نہیں۔ نوٹس میں نجم سیٹھی کی جانب سے ایک بار پھر نئے چیئرمین پی سی بی احسان مانی کیلئے فرنشڈ گھر کی خریداری کو موضوع بحث بنایا گیا ہے۔ نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ پی سی بی کا یہ دعویٰ بھی جھوٹ پر مبنی ہے کہ مجھے ایک کروڑ 41؍ لاکھ روپے کی ادائیگی کی گئی۔ پھر ایک اور غلط دعوی کیا گیا کہ 10؍ اگست کو چیک کے ذریعے 60؍ لاکھ 64؍ ہزار 516روپے کی ادائیگی کی گئی۔ اب پی سی بی اعتراف کررہا ہے کہ یہ ادائیگیاں کبھی کی ہی نہیں گئیں۔ نوٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ مجھ سے ایسے پیسے منسوب کئے گئے ہیں جب میں چیئرمین ہی نہیں تھا۔