محکمہ خوراک کی جانب سے فلور ملوں کو گندم کی عدم فراہمی ،70 فلور ملز بند

November 17, 2018

ژکراچی(رپورٹ/رفیق بشیر)محکمہ خوراک سندھ کی جانب سے فلور ملوں کو گندم کی عدم فراہمی کے باعث کراچی 70فیصد فلور ملز بند ہوگئی جبکہ صوبائی کابینہ نے گندم کی امدادی قیمت کا تعین کردیا ہے، پنجاب کے محکمہ خوراک کی جانب سے گذشتہ ڈیڑھ ماہ قبل سے گندم کی فلور ملوں کو سپلائی شروع کررکھی ہے، محکمہ خوراک سندھ کی جانب سے فلور ملوں کو گندم فراہم نہ کرنے کے سبب پنجاب کی گندم کراچی میں مہنگے داموں فروخت ہورہی ہے ، جس کے باعث آٹے کی تھوک قیمتوں میں بھی اضافے کا رجحان ہے، پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن سندھ کے چیئر مین محمد جاوید یوسف نے کہا کہ محکمہ خوراک کی جانب سے فلور ملوں کو گندم کی عدم فراہمی کے باعث پیدا ہونے والی قلت پراوپن مارکیٹ میں گندم کی تھوک قیمت میں اضافہ ہورہا ہے ،تاہم ابھی فلور ملوں نے آٹے کی خوردہ قیمت میں اضافہ نہیں کیا ، محکمہ خوراک کی جانب سے فوری طور پر فلور ملوں کو گندم فراہم نہیں کی گئی تو آٹے کی قیمت میں بھی اضافہ ہوجائے گا۔